بھارتی آبی جارحیت ، دریائے ستلج میں پانی خطرناک حد تک بلند
تلونڈی،لاہور(نامہ نگار،آئی این پی)بھارتی آبی جارحیت جاری، دریائے ستلج میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند، چھبر بند اورہیڈ گنڈا سنگھ والا کے اطراف میں ہنگامی صورتحال،دوسری طرف پی ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم 94 فیصد اور منگلا ڈیم 61 فیصد بھر چکا ۔
تفصیلات کے مطابق دریائے ستلج میں بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے سیلابی پانی کے باعث پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ، ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 33 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گیا ، متعدد مقامات پرحفاظتی بند ٹوٹنے کی اطلاعات ہیں۔ چھبر بند، ہرچوکی، کوٹھی فتح محمد ودیگر علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہونے پر قریبی آبادیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔ادھر پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کا موجودہ لیول 1544.00 فٹ جبکہ حد 1550.00 فٹ ،منگلا ڈیم کا لیول 1203.25 اور حد 1242.00 فٹ ہے ۔دریائے سندھ میں تربیلا پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ، چناب، جہلم اور راوی میں بہاؤ معمول کے مطابق ہے ۔