50فیصد ٹیرف بھارت کیلئے شرمندگی، مودی اقتدار چھوڑ دیں : راہول گاندھی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کے 50 فیصد ٹیرف کے بعد اب وقت ہے کہ مودی اقتدار چھوڑ دیں۔
راہول گاندھی نے 50 فیصد اضافی ٹیرف کو بھارت کیلئے شرمندگی قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو کمزور اور ناکام حکمران قرار دیا ہے۔ راہول نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا مودی حکومت کی کمزوری کی وجہ سے بھارت کو سخت اقتصادی دباؤ کا سامنا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ مودی اقتدار چھوڑ کر عوام کو نئی قیادت دیں۔ٹرمپ کا 50 فیصد ٹیرف بھارت کے ساتھ اقتصادی بلیک میلنگ ہے۔ مودی صاحب، عوام کے مفادات کو نظر انداز کرنے کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ اقتدار چھوڑیں اور ملک کو سنوارنے کا موقع دیں۔ دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے بھی مودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا وزیراعظم ٹرمپ کو جواب دینے کے بجائے کہیں چھپ کر بیٹھے ہیں اور امریکا ٹیرف پر ٹیرف عائد کیے جا رہا ہے۔