حافظ نعیم الرحمن سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی منصورہ میں ملاقات

حافظ نعیم الرحمن سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی منصورہ میں ملاقات

لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے پاکستان میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی، منصورہ میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا اور اہم قومی اور بین الا قوامی امور زیر بحث آئے ۔

آسٹریلیا کے سفیر نے جماعت اسلامی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مستقبل میں رابطے قائم رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر عطاء الرحمٰن بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ملاقات میں فلسطینی عوام پر مسلسل اسرائیلی بمباری اور غذائی ناکہ بندی کے نتیجے میں نسل کشی پر گفتگو ہوئی۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے ہائی کمشنر کے توسط سے آسٹریلوی حکومت سے اپیل کی کہ وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کرے ، ناکہ بندی ختم کرنے اور جنگ بندی کے لیے اپنا کردار موثر انداز میں ادا کرے ۔دو دن قبل سڈنی میں لاکھوں لوگوں نے شدید موسم کے باوجود جس طرح فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا، اس پر حافظ نعیم الرحمن نے آسٹریلوی عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لئے بھی آسٹریلیا کو جاندار موقف اپنانے پر زور دیا گیا۔پاکستان میں تعلیم، معدنیات اور نرسنگ کے شعبے میں آسٹریلیا کی معاونت اور مستقبل میں اہم کردار کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں