پنجاب :سکولوں کی چھٹیاں 31اگست تک بڑھا دی گئیں
لاہور(خبرنگار،اپنے سٹاف رپورٹر سے) پنجاب بھر کے سکولوں میں موسم گرما کی چھٹیاں 31 اگست تک بڑھادی گئیں ،نجی اور سرکاری سکول اب یکم ستمبر سے دوبارہ کھلیں گے ۔
پنجاب کے سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں18اگست کو ختم ہونے والی تھیں تاہم موسمی صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے چھٹیوں میں 31 اگست تک توسیع کی گئی ہے ۔ چھٹیوں میں اضافے کا اعلان سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب خالد نذیر ووٹو نے باضابطہ طور پر کیا۔ صورتحال اس وقت دلچسپ ہوئی جب چند گھنٹے قبل سامنے آنے والے نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیا گیالیکن کچھ ہی دیر بعد محکمہ سکول ایجوکیشن نے یو ٹرن لیتے ہوئے تعطیلات میں توسیع کا اعلان کر دیا۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سوشل میڈیا پر تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں موسم گرما کی تعطیلات میں توسیع کر دی گئی ہے اور ا ب سکول یکم ستمبر کو دوبارہ کھلیں گے ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بعض اضلاع میں بارشوں کی وجہ سے خطرات موجود ہیں جس کی وجہ سے چھٹیوں میں اضافہ کیا گیا ۔