سی سی ڈی کے مختلف شہروں میں مزید4مبینہ مقابلے ،5ڈاکو ہلاک
قصور،پتوکی،مریدکے ،کالاشاہ کاکو (نمائندگان دنیا، آئی این پی،نامہ نگار،خبر نگار)پنجاب پولیس کے ذیلی ادارے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی )کے مختلف شہروں میں مزید 4مبینہ مقابلے ، 5ڈاکو ہلاک ہو گئے ، پتوکی میں 2،ساہیوال ،مریدکے اور پاکپتن میں ایک ، ایک ڈاکو مارا گیا ،ایک پولیس اہلکاربھی زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع قصور کی تحصیل پتوکی میں تھانہ صدر کے علاقہ کرانی والا کے قریب 5نامعلوم موٹرسائیکل سوار ڈاکو لوٹ مار کر رہے تھے ، اطلاع پر سی سی ڈی ٹیم نے کرانی والا چوک حبیب آباد کے قریب ناکہ بندی کرلی اورآمنا سامنا ہونے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا،ملزموں کی فائرنگ سے کانسٹیبل اسد جاوید زخمی ہوگیا جبکہ ڈاکوؤں کے 2ساتھی علی شیر اُوڈھ سکنہ پتوکی اور مشتاق اُوڈھ ساکن بدرکالونی ہلاک ہوگئے ،جائے وقوعہ سے 3ڈاکو فرار ہوگئے ، ملزموں سے چھینی گئی رقم اور دیگر سامان برآمد کرلیاگیا، زخمی اہلکارکو متعلقہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ادھر ساہیوال میں نورشاہ روڈ پررات کے وقت چٹھیاں والا باغ کے قریب سی سی ڈی سے کار سوار ملزمان کا فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا جس میں ایک مبینہ ڈاکو عبدالرشید سکنہ اوکاڑہ ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہو گئے ۔دوسری طرف شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے میں سی سی ڈی کی ٹیم خطرناک ملزمان کی گرفتاری کیلئے تھانہ صدر کے علاقہ چک 34 جا رہی تھی کہ راستہ میں ڈاکوؤں کا ایک گروہ ناکہ لگا کر دیہاتیوں کو لوٹ رہا تھا، پولیس کو دیکھ کر انہوں نے فائرنگ کر دی، جوابی کارروائی میں منوں آباد مریدکے کا رہائشی مبینہ ڈاکو رفاقت ولد لیاقت مارا گیا۔پاکپتن میں تھانہ احمد یار کے علاقہ میں سی سی ڈی سے فائرنگ کے تبادلہ میں بدنام زمانہ ڈاکو رانا وحید عرف وحیدی ہلاک ہو گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق وہ متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ پولیس نے تمام ہلاک ڈاکوؤں کی لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتالوں میں منتقل کر دی ہیں ۔