چینی مہنگی بیچنے پر پنجاب میں کارروائیاں جاری،مزید 60دکاندار گرفتار
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )چینی کے مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد نہ کرنیوالے دکانداروں کیخلاف پنجاب بھر میں کریک ڈاؤن جاری ، 24 گھنٹوں کے دوران 369 کیخلاف کارروائیاں ، 60 دکاندار گرفتار، 21 کیخلاف مقدمات درج، 288 افراد کو جرمانے عائد کر دئیے گئے ۔
اس حوالے سے سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ کی زیر صدارت چینی کے سٹاک اور کارروائیوں بارے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی،کین کمشنر پنجاب نوید شہزاد مرزا ،ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن، ایڈیشنل سیکرٹری کماڈیٹیز اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک 30 ہزار 28 افراد کیخلاف کارروائیوں میں 2092 افراد گرفتار، 361 کیخلاف مقدمات درج کروائے جا چکے ،لاہور ڈویژن میں 32 گرانفروشوں کیخلاف کارروائیوں میں9 گرفتار ، 3 کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے ،گوجرانولہ ڈویژن میں36 ، فیصل آباد 53، ساہیوال ڈویژن 22، سرگودھا 29، راولپنڈی 91،بہاولپور ڈویژن 17،ڈی جی خان 10 جبکہ ملتان میں 79 گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں کی گئیں۔