میکرو اکنامک اصلاحات کے ثمرات عوام کو ملنے لگے : وزیراعظم
اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی کاروباری اداروں کے ملکی معاشی سمت پر اعتماد کے بارے میں حالیہ گیلپ سروے کی رپورٹ پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے سروے کے مطابق کاروباری اداروں کا پاکستان کی معیشت پر اعتماد گزشتہ چار سالوں کی بلند سطح پر پہنچ گیا ہے جو انتہائی خوش آئند ہے۔
پیر کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے سروے کے نتائج کاروباری برادری کے ملک کی سیاسی و اقتصادی صورت حال میں استحکام کے عکاس ہیں۔انہوں نے کہا حکومتی اقدامات اور اصلاحاتی ایجنڈے کی بدولت سسٹم میں شفافیت آئی ہے اور تاجر برادری کے لئے آسانیاں پیدا ہوئی ہیں ۔حکومت کے ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے ، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات نے ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے نئی راہیں کھولی ہیں۔ہر دن بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریے ، بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگز میں بہتری حکومت کی بہترین معاشی پالیسیوں، کرپشن و رشوت میں کمی اور شفافیت کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا میکرو اکنامک اصلاحات کے ثمرات عام آدمی تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ حکومت ادارہ جاتی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے لئے مزید سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں ۔وزیراعظم شہبا زشریف نے نوجوانوں کے عالمی دن پر جاری پیغام میں کہانوجوان آبادی ناصرف عزم و ہمت، بہادری کی مثال ہے بلکہ ملکی معاشی ترقی میں بنیادی پہیے کی حیثیت رکھتی ہے۔
نوجوان نا صرف قومی اور عالمی افق پر ملک کا نام روشن کرتے ہیں بلکہ مقامی سطح پر بھی مختلف شعبہ ہائے معیشت میں اپنا تعمیری کردار ادا کررہے ہیں۔ ہنر مند نوجوان معاشی سرگرمیوں میں اپنی ذہانت اور توانائیوں کو بروے کار لاتے ہوئے ترقی کے ثمرات عوام الناس تک پہنچانے میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا نوجوان نسل کی جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے مکمل اگاہی وفاقی حکومت کی ترجیح ہے تاکہ نوجوان نسل عالمی سطح پر دوسرے ممالک کے نوجوانوں کے ہم پلہ ہو سکیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں زلزلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ترکیہ کے صوبے بالکسر میں زلزلے پر دل رنجیدہ ہے ۔ ہماری تمام تر دعائیں اور ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں اور ہم اپنے ترک بہن بھائیوں کی اس سانحے میں حفاظت اور جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ پیرکو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا میں اپنے بھائی ترک صدر رجب طیب اردوان سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے اس قدرتی سانحے پر افسوس و ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔پاکستان ترکیہ کی اس مشکل گھڑی میں ہر قسم کی مدد کیلئے تیار ہے۔