سی سی ڈی کے مبینہ مقابلے جاری، مزید 5ڈاکو ہلاک

سی سی ڈی کے مبینہ مقابلے جاری، مزید 5ڈاکو ہلاک

پاکپتن، بوریوالا، عارفوالا، شیخوپورہ (خبرنگار، آئی این پی، نمائندہ دنیا، تحصیل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر)کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی)پنجاب کے مبینہ مقابلے جاری، مزید 5 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق سی سی ڈی پاکپتن اور سرکل عارفوالا پولیس نے گزشتہ روز خطرناک بین الاضلاعی پکھی واس ڈکیت گینگ کی گرفتاری کے لیے تھانہ صدر عارفوالا کی ذیلی چوکی ترکھنی کی حدود میں چھاپہ مارا تو ملزمان نے گھیرے میں آنے پر پولیس ٹیموں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی تاہم اس دوران 4 ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہو گئے ۔فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گیا اور پولیس گاڑی کو نقصان پہنچا، لاشوں اور زخمی اہلکار کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دوسری طرف شیخوپورہ میں انچارج سی سی ڈی فیروزوالہ حاجی شاہد رفیق اہلکاروں کے ہمراہ زیر حراست 26 مقدمات میں ملوث ملزم آفاق عرف پھاکو ساکن شرقپور شریف کو نگنی روڈ شرقپور شریف ریکوری کے لیے لے جا رہے تھے کہ راستے میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم ملزموں نے سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی۔اس دوران ملزم آفاق پولیس حراست سے فرار ہو گیا، فائرنگ سے پولیس گاڑی کو نقصان پہنچا جبکہ کانسٹیبل منشا کی بلٹ پروف جیکٹ کو آگ لگ گئی۔بعد ازاں دوران سرچ آپریشن ملزم آفاق زخمی حالت میں پڑا ملا جو ساتھیوں کی گولیوں سے زخمی ہوچکا تھا۔ اسے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گیا،پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں