14اگست کو دھرنا سازش کے الزام پر مقدمہ ،12 ملزموں کا جسمانی ریمانڈ

 14اگست کو دھرنا سازش کے الزام پر مقدمہ ،12 ملزموں کا جسمانی ریمانڈ

اسلام آباد، لاہور(اپنے نامہ نگار سے، کورٹ رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ سید حیدر شاہ نے تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف 14 اگست دھرنے کی سازش اور بغیر اجازت کانفرنس کے الزام میں درج مقدمے میں 12 ملزموں کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

گزشتہ روز پولیس نے گرفتار کارکنوں کو سخت سکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا۔کم عمر ذہنی معذور ملزم سید شفیع الحسن کی 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی گئی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزموں نے پولیس سے اسلحہ چھیننے اور اہلکاروں پر حملے کی کوشش کی، جبکہ ان کے قبضے سے سامان برآمد کرنا باقی ہے ۔لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کی تفصیلات کی فراہمی کیلئے درخواست پر سماعت 18 اگست تک ملتوی کردی گئی ۔جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل پیش نہیں ہوئے ۔ عدالت میں آئی جی پنجاب پولیس کی طرف سے مقدمات کا ریکارڈ پیش کیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ عالیہ حمزہ کیخلاف پنجاب میں 21 مقدمات ہیں، لاہور میں 3، قصور میں 7 اور گوجرانوالہ میں 1 مقدمہ ہے ۔ پنڈی میں 4، میانوالی میں 2 اور فیصل آباد میں چار مقدمات ہیں ۔لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر شہزاد فاروق کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے 18 اگست کو شہزاد فاروق کو بازیاب کروا کے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ جسٹس سردار علی اکبر ڈوگر نے کیس کی سماعت کی ۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے 5 اگست احتجاج پر پی ٹی آئی کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں