پاکستان کے ٹاپ 40بزنس گروپس کی فہرست جاری

پاکستان کے ٹاپ 40بزنس گروپس کی فہرست جاری

لاہور ( خصوصی رپورٹ :حسن رضا)اکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ تھنک ٹینک نے پاکستان کے ٹاپ 40 بزنس گروپس کی فہرست جاری کر دی ، جس میں5ارب 90کروڑ ڈالر مارکیٹ کیپ کیساتھ فوجی فاؤنڈیشن ملک کا نمبر ون بزنس گروپ ہے۔

 ساڑھے تین ارب ڈالر کی ایکویٹی انویسٹمنٹ کیساتھ انور پرویز ملک کے نمبر ون بزنس مین ہیں اور پرائیویٹ بزنس گروپ کے سید بابر علی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ بزنس گروپ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ، جی ڈی پی میں بڑا کردار ادا کرنے کیساتھ ساتھ ملک میں بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع فراہم کر رہے ہیں اور ٹیکس کی فراہمی میں بھی بڑا کردار ادا کر رہے ہیں ، اگر حکومت ان 40 ارب پتی بزنس ٹائیکونزکو کاروباری مواقع فراہم کرے تو یہ ملکی معیشت میں مزید فعال کردار ادا کر سکتے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق رپورٹ میں پاکستان کے ان 40 بڑے گروپس کی نشاندہی کی گئی ہے جو اپنی صلاحیت ، اعلیٰ گورننس ،کوالٹی کے بہترین معیار اور انقلابی ویژن کے حامل ہیں ، 20 پبلک لسٹڈ گروپس و کارپوریشن میں پہلے نمبر پر فوجی فاؤنڈیشن ہے ،جس کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 5ارب 90کروڑ 40لاکھ ڈالر ہے ، دوسرے نمبر پر انور پرویز کا بیسٹ وے گروپ ہے جس کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 4ارب 51کروڑ 30لاکھ ڈالر ہے ، تیسرے نمبر پر محمد علی ٹبہ گروپ ہے جس کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 2ارب 59کروڑ 10لاکھ ڈالر ،چوتھے نمبر پر میاں محمد منشا ہیں جن کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 2ارب 39کروڑ 90لاکھ ڈالر ہے ،پانچویں نمبر پر حسین داؤد ہیں جن کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 2 ارب 39کروڑ ڈالر ہے ۔

اس فہرست میں ریاض ادریس،عارف حبیب، سلطان علی الانہ، صہیب ملک، ناصر محمود کھوسہ، سلطان علی لاکھانی ، رفیق محمد حبیب، شیخ مختار احمد، افتخار اے شیرازی، عامر پراچہ،اعزاز حسین، عباس حبیب، محمد مقصود اسماعیل، طارق سید ، جہانگیر صدیقی شامل ہیں۔ پاکستان کے 20 بلینئربزنس گروپس میں پہلے نمبر پر سید بابر علی ہیں جبکہ فواد مختار، میاں عبداللہ، سردار یاسین ملک، ڈاکٹر گوہر اعجاز( ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز)، حبیب اللہ خان، میر شکیل الرحمن، سید محمد جاوید، عقیل کریم ڈھیڈی، بشیر جان محمد، میاں عامر محمود، نسرین محمود قصوری، جہانگیر ترین، پیر محمد دیوان، یعقوب احمد، علیم خان، میاں احسن، اشرف موکاتے ، شاہد سورتے اور ندیم ملک بھی اس فہرست کا حصہ ہیں ۔ سابق نگران وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے حکومت سے کہا کہ ان 40گروپس کو اپنے ساتھ لے کر چلیں یہ گروپس ملک کی تقدیر بدل دیں گے ۔معاشی ماہرین کے مطابق صنعتی ترقی میں ہی ملک اور عوام کی خوشحالی کا راز پنہاں ہے ۔ پاکستان میں بے مثال کاروباری ٹیلنٹ موجود ہے ۔ حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر ملکر ملک کو اس کی اصل معاشی طاقت دلا سکتے ہیں ۔سی ای او معاشی تھنک ٹینک اکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ احمد نواز سکھیرا نے کہا یہ چالیس گروپس ملک میں لاکھوں نوکریاں پیدا کرنے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔

بزنس کمیونٹی کے مطابق پاکستان کا مستقبل روشن ہے ، ہم مل کر بانیانِ پاکستان کے خوابوں کا خوشحال ملک بنائیں گے ۔پاکستان میں ایسے مواقع پیدا کرنے چاہئیں کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر کو مزید بہتر کیا جائے ،کاروبارکے لئے آسانیاں فراہم کی جائیں،پابندیاں،سخت پالیسیاں اور ایسی قانون سازیاں جو ملک میں کاروباری گروپس کے لئے پریشانیاں پیدا کریں ان کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں ۔یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر نے کہا اللہ کرے ایسی 40 کمپنیاں اور بنیں، یہی وہ کمپنیاں ہے جو ملک کو آگے لے کر جائیں گی، وہ دن دور نہیں جب ملک ایشین ٹائیگر بنے گا۔ ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کے مطابق ملک میں دیرپا پالیسیوں کی اشد ضرورت ہے ، حکومت اور بزنس گروپس ملکر اس ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں ، انہوں نے معاشی تھنک ٹینک اکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ کے اس اقدام کو سراہا ۔ انہوں نے کہا سیاسی تبدیلی سے معاشی پالیسی میں تبدیلی نہیں آنی چاہیے ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ جب حکومتیں کاروباری گروپس کو پالیسی سپورٹ دیتی ہیں تو پوری قوم خوشحال ہوتی ہے ۔ ایسی ہی مثالیں جنوبی کوریا، جاپان میں بھی موجود ہیں، حکومت کو ان پالیسیوں کو اپناتے ہوئے ملک و قوم کو خوشحال بنانے پر سنجیدگی سے قدم بڑھانا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں