ڈیزل سستا : ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا ٹیرف نمایاں آویزاں کیا جائے : مریم نواز

ڈیزل سستا : ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا ٹیرف نمایاں آویزاں کیا جائے : مریم نواز

لاہور (نیوزایجنسیاں )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ڈیزل کے نرخ کم ہونے پر ضلعی انتظامیہ کو ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کیلئے اقدامات کی ہدایت کی اور ترمیم شدہ کرایوں کا ٹیرف نمایاں آویزاں کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کرایوں میں کمی عام آدمی کاحق ہے، استحصال کی اجازت نہیں دینگے۔

صوبہ بھر میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ سرکاری کرایہ نامہ پر عمل نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کریں ،دریں اثنا وزیراعلیٰ نے پنجاب میں ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا اورپی ڈی ایم اے ،انتظامیہ، پولیس،ریسکیو کوضروری پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے ،انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اور دیگرمتعلقہ افسروں کو فیلڈ میں موجود رہنے کے احکامات دئیے اورکہاکہ ڈپٹی کمشنر ز،پی ڈی ایم اے پنجاب کی جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں ،وزیراعلی ٰ نے بالائی پنجاب میں کلا ؤڈ برسٹ کے خدشے کے پیش نظر ضروری اقدامات کی بھی ہدایت کی اور کوہ سلیمان رود کوہیوں میں ممکنہ سیلابی ریلوں سے بچاؤ کیلئے پیشگی انتظامات کاحکم دیا ، مری،راولپنڈی،جہلم،چکوال اورکوہ سلیمان کے اضلاع میں خصوصی ا قدامات کا حکم دیا اورکلاؤڈبرسٹ،لینڈ سلائیڈنگ اورطوفانی بارشوں کے پیش نظر سیاحوں کی نقل وحمل محدود کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر آبی گزر گاہوں کے ارد گرد آبادیوں کیلئے کشتیاں، لائف جیکٹس اور دیگر سامان مہیا کردیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف تھائی لینڈ سے جاپان پہنچ گئیں ، ٹوکیو ائیرپورٹ پر جاپان کے اعلیٰ افسروں اور سفارتی حکام نے خیر مقدم کیا جبکہ پاکستانی سفیر عبد الحمید نے پنجاب کے وفد کو خوش آمدید کہا۔ جاپان میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی کثیر تعداد بھی انکے استقبال کے لئے موجود تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں