جی ایچ کیو حملہ کیس:عمر ایوب ودیگر کے وارنٹ گرفتاری جاری
راولپنڈی ،اسلام آباد، لاہور (خبر نگار ،اپنے نامہ نگار سے، کورٹ رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ سمیت 9 مئی کے 12 مقدمات کی سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کر دی۔۔۔
جبکہ فیصل آباد عدالت سے سزا یافتہ عمر ایوب، شبلی فرازسمیت 14 مجرموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئندہ تاریخ پر گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ سمیت راولپنڈی ڈویژن کے تھانوں میں نو مئی کے درج 12 مقدمات کی سماعت کی۔جی ایچ کیو حملہ کیس میں جیل ٹرائل پھر نہ ہوسکا تین ستمبر جیل ٹرائل کا حکم بھی جاری کر دیا۔فیصل آباد عدالت میں سزا یافتہ 14 مجرم پیش نہ ہوئے ،ان کے وکلاء نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کیں جو عدالت نے مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ انہیں سزا ہوچکی حاضری معافی نہیں دی جاسکتی، انہیں پہلے سرنڈر کرنا ہوگا۔ان 14 ملزموں میں عمر ایوب خان ، شبلی فراز ، شیخ راشد شفیق ، زرتاج گل ، کنول شوزب،رائے مرتضیٰ ،عظیم اللہ خان ،احمد چٹھہ،رائے حسن نواز، محمد جاوید ،شکیل نیازی ،چودھری آصف علی، اشرف خان اور چودھری بلال اعجاز شامل تھے ۔ادھر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عدنان رسول لاڑک نے تھانہ مارگلہ کے مقدمہ میں پی ٹی آئی کارکنوں کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر کے جوڈیشل مجسٹریٹ فیصلہ کے خلاف اپیل پرنوٹس جاری کردئیے ۔انسداددہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج محمد علی وڑائچ نے 4 اکتوبر اور 26 نومبر احتجاج کے کیسز میں گرفتار پی ٹی آئی این اے 48 کے صدر سہیل ستی کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ حفیظ احمد نے پی ٹی آئی کے 63 کارکنوں کی ضمانت بعد از گرفتاری درخواستوں میں طلبی کے باوجود پولیس کی جانب سے کیسز کا ریکارڈپیش نہ کرنے پر تفتیشی افسر کو شوکازنوٹس جاری کردیا۔لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے چار مقدمات میں شاہ محمود کی ضمانت درخواستوں پر سماعت کی ، مقدمات کا ریکارڈ پیش نہ ہونے پر عدالت نے کارروائی 28ستمبر تک ملتوی کردی ۔دوران سماعت پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایاکہ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستوں کی وجہ سے مقدمات کا ریکارڈ سپریم کورٹ میں ہے ،عدالت نے آئندہ سماعت پر مقدمات کا ریکارڈ اور وکلاء کو دلائل کے لیے طلب کرلیا اور سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کردی ۔