پنجاب میں سیلاب کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا : عظمیٰ
لاہور(آئی ا ین پی)وزیر اطلاعات پنجاب عظمی ٰبخاری نے کہا ہے کہ جنہیں جرمنی جاپان کی سرحد کا نہیں پتا، ان کا فون کوئی اٹھاتا نہیں ان کو مریم نواز کے دورہ جاپان سے تکلیف ہوئی۔یہ بات انہوں نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔
ان کے ساتھ وزیربلدیات ذیشان رفیق اور وزیر قانون صہیب بھرت بھی موجود تھے ۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ دریائے راوی میں 38 سال بعد اتنا پانی آیا ہے ، بھارت کی طرف سے اچانک دریائے راوی میں پانی چھوڑا گیا، پنجاب کے مختلف اضلاع میں آرمی طلب کرلی گئی، گزشتہ 48 گھنٹوں میں پنجاب میں سیلاب کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، عظمٰی بخاری نے کہا کہ سیلاب سے قصور، وہاڑی، اوکاڑہ، دیپالپور کے علاقے متاثر ہوئے ، قصور میں پچھتر دیہات سیلاب سے متاثر ہوئے ، تمام علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کر دئیے گئے ہیں۔ ادویات کی پنجاب بھر میں کہیں بھی قلت نہیں، جاپان کے دورہ کے دوران بھی وزیراعلیٰ سیلاب کے حوالے سے اپ ڈیٹس لیتی رہیں،عظمی ٰبخاری نے کہا کہ جاپان میں وزیراعلی ٰنے زراعت کے حوالے سے دیگر محکموں کے ساتھ ایم او یو سائن کیے ہیں،وہ جاپانی حکومت کی دعوت پر گئی تھیں، انہوں نے جاپانی کمپنیوں کو پاکستان میں انویسٹمنٹ پر راضی کیا، یہ دورہ پنجاب اور پاکستان کے لئے اہم تھا، پی ٹی آئی مقابلہ کارکردگی پر نہیں کرسکتی تو پھر گھٹیا باتیں کرتی ہے ۔ وزیراعلیٰ تنخواہ بھی نہیں لیتیں بلکہ چھٹی بھی نہیں کرتیں، وزیراعلی ٰتمام تر اخراجات اپنی جیب سے کرتی ہیں۔