پاکستان اور آرمینیا کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات قائم
اسلام آباد (وقائع نگار)اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آرمینیا کے وزیر خارجہ مسٹر ارارات مرزویان کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار کرلئے ہیں۔
ایک مشترکہ اعلامیہ کا باضابطہ تبادلہ کیا گیا ، اس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہوگئے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا اور معیشت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سمیت تعاون کے ممکنہ شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں نے اپنے ملکوں کے عوام کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے دو طرفہ اور کثیر جہتی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔