افغانستان : زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 1400سے متجاوز
کابل،پشاور (نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک)ا فغانستان میں حکمران طالبان کے مطابق ملک کے مشرقی صوبے کنڑ میں زلزلے کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1400 سے تجاوز کر گئی ہے ۔
طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق اتوار کی رات آنے والے 6اعشاریہ صفر شدت کے زلزلے اور آفٹر شاکس کے نتیجے میں1411افراد جاں بحق اور 3ہزار124 زخمی ہو چکے ہیں۔طالبان کے ایک اور ترجمان حمد اللہ فطرات نے کہامتاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہیں۔جہاں طیارے اتر نہیں سکتے ، وہاں درجنوں کمانڈو یونٹس زخمیوں کو ملبے تلے سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ۔ افغانستان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا تھا زلزلے میں تباہ ہونے والے مکانات کی تعداد 8ہزار سے زیادہ ہے ۔عالمی ادارہ صحت نے کہا زلزلے سے براہ راست متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 12ہزار سے زائد ہے ۔ادھر کابل سے افغانستان میں اقوام متحدہ کے کو ارڈینیٹر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان میں زلزلے سے اموات اور زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔ سڑکیں متاثر ہونے کے باعث دور دراز علاقوں تک پہنچنا چیلنج بن گیا ہے ۔علاوہ ازیں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ کنڑ میں منگل کو بھی 5اعشاریہ 2 شدت کا زلزلہ آیا ،امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ننگرہار میں جلال آباد سے شمال مشرق میں 34 کلومیٹر دور تھا۔ خیبرپختونخوا حکومت نے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان روانہ کر دیا۔ پی ڈی ایم اے آفس میں تقریب ہوئی جس میں چیف سیکرٹری شہاب علی اور افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر نے شرکت کی۔ امدادی سامان میں خیمے ، ترپال، تکیے ، کمبل، رضائیاں اور دوائیوں کے دو ٹرک شامل ہیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ مشکل گھڑی میں افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔