کچے کے ڈاکوؤں نے بوریوالا کے شہری اغوا کر کے ایک کروڑ تاوان مانگ لیا
بوریوالا(نمائندہ دنیا)کچے کے ڈاکوؤں نے بوریوالا کے شہری کو اغوا کر کے ایک کروڑ روپے تاوان مانگ لیا۔ اغوا کاروں نے ہائی وے کے ملازم عبد اﷲ کے لواحقین سے رقم کیساتھ ایک آ ئی فون بھی بطور تاوان مانگا۔ عبداﷲ سات روز قبل گھر سے نکلا تھا۔
تفصیل کے مطابق کچے کے ڈاکوؤں نے مقامی شہری کو ایک کروڑ روپے تاوان کیلئے اغوا کر لیا۔ نواحی علاقہ 517ای بی کا رہائشی عبد اﷲ گھر سے میلاد پر جانے کا کہہ کر نکلا تو لا پتہ ہو گیا جس پر اس کی بیوی نے تھانہ صدر پولیس کو اطلاع کی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا تاہم کوئی پیشرفت نہ ہو ئی۔ اسی دوران مغوی عبد اﷲ کے گھر پر اغوا کاروں نے اس کی زنجیروں میں جکڑے ہونے کی ویڈیو بھیج کر اسکی رہائی کیلئے 1کروڑ روپے اور ایک ا ٓ ئی فون بطور تاوان مطالبہ کیا۔ مبینہ طور پر اغوا کاروں کا تعلق کچے کے علاقہ سے معلوم ہوتا ہے ۔اغوا کاروں کے مطالبہ پر خا تون نے اپنے شوہر کی بازیابی کیلئے ڈی پی او وہاڑی سے اپیل کی ۔وہاڑی پولیس مغوی عبد اﷲ کی بازیابی کیلئے مصروف کارروائی ہے۔