سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ریلیف کارڈ بنے گا:عظمیٰ
لاہور (سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز ، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا، متاثرین کی مدد کیلئے وزیراعلیٰ ریلیف کارڈ بنے گا،
پنجاب سیلاب متاثرین کی مدد اپنے وسائل سے کریگا، کسی سے کوئی مدد نہیں لے گا، سندھ کو آثارِ قدیمہ بنانے والے پنجاب کو مشورے نہ دیں، تحریک انصاف ایک فسادی جماعت ہے ، سعودی عرب کے ساتھ سکیورٹی معاہدہ قومی وقار کی علامت، بے بنیاد تنقید قابل مذمت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ان کی ٹیم سیلاب کے ہر محاذ پر عوام کے ساتھ کھڑی ہے ۔ پنجاب کا کوئی ایسا متاثرہ علاقہ نہیں جہاں وزیراعلیٰ خود نہ پہنچی ہوں، وزیر اعلیٰ نے مزدوروں کی طرح متاثرین کے درمیان بیٹھ کر ان کے دکھ درد سنے ، یہ ایک نئے طرز حکمرانی کی جھلک ہے۔
سیلاب سے 47 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ، متاثرہ کاشتکاروں کو 20 ہزار روپے فی ایکڑ معاوضہ، گھروں کے متاثرین کو 10 لاکھ روپے مکمل نقصان اور 5 لاکھ جزوی نقصان پر دیا جائے گا۔ گائے اور بھینس کے ضیاع پر بھی 5 لاکھ روپے معاوضہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ "اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام کے تحت 80 ہزار گھر زیر تعمیر ہیں، دسمبر تک تعداد ایک لاکھ تک پہنچ جائے گی، متاثرین سیلاب کیلئے "ریلیف کارڈ" متعارف کروا رہے ہیں تاکہ کسی کو لائنوں میں کھڑا نہ ہونا پڑے ۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کی کاوشوں کو سراہا ہے ،شرجیل میمن کو بھاشن دینے کا شوق ہے ، سندھ میں بیرونی امداد کے باوجود لوگ مکمل طور پر بحال نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پنجاب میں فصلیں جلانے سے ہمارا انڈیکس بھی متاثر ہوتا ہے ، مگر پنجاب حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ۔