جتھے سے بلیک میل نہیں ہونگے:طلال:لاہور میں راستے بند،امتحانات ملتوی

جتھے  سے  بلیک  میل  نہیں  ہونگے:طلال:لاہور  میں  راستے  بند،امتحانات ملتوی

پرامن احتجاج کا سب کوحق، انتشار کی اجازت نہیں،عوام کے تحفظ کیلئے رکاوٹیں لگائیں، وزیر مملکت اسلام آباد اور دیگر شہروں کے راستے بھی بند ،قانون کی رٹ پر سمجھوتہ نہیں ہوگا،محسن نقوی، فیض آباد کا دورہ

اسلام آباد،لاہور(اپنے رپورٹرسے ،خبر نگار،دنیا نیوز)وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ ملک میں جتھوں کی سیاست اورمطالبات منوانے کی کوئی گنجائش نہیں۔ریاست کسی جتھے کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوگی۔ پرامن احتجاج کا سب کوحق ہے مگرانتشار کی اجازت نہیں،ایک جتھہ احتجاج کے بجائے فساد پھیلا رہا ہے ۔ وہ وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کر رہے تھے ۔دوسری طرف ممکنہ احتجاج کے پیش نظر لاہور میں مختلف مقامات پر کنٹینر لگا کر راستے سیل ، بس اڈے بند اور امتحانات ملتوی کردئیے گئے ۔اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروس بھی معطل رہی ،تحریک لبیک کی احتجاج کی کال پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، راولپنڈی اور دیگر شہروں کے داخلی راستوں کو بھی کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا۔ جڑواں شہروں کے درمیان میٹروبس سروس اور پبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند رہی جس کے باعث دفاتر میں حاضری بھی کم رہی۔وزیر مملکت داخلہ کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ غزہ امن معاہدے پرفلسطینیوں نے سجدہ شکراداکیا،غزہ امن معاہدے پرخوشیاں منائی جارہی ہیں، وزیراعظم نے ہرعالمی فورمزپرفلسطین کیلئے بھرپورآوازاٹھائی،پاکستان نے غزہ کامعاملہ بھرپورطریقے سے اجاگرکیا مگر ٹی ایل پی کی جانب سے احتجاج کے بجائے فسادپھیلایاجارہاہے ۔

طلال چودھری نے کہا جتھے کوکسی صورت سرکاری املاک پرحملے کی اجازت نہیں دے سکتے ،عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے رکاوٹیں لگائی گئیں، اگرفلسطین،حماس اورتمام سٹیک ہولڈرز خوش ہیں تو کسی کوکیامسئلہ ہے ۔اُن کا کہنا تھا غزہ امن معاہدے کے بعد احتجاج کی وجہ کیاہے ؟اس کامقصدکچھ اورہے انہوں نے مسجد کے تقدس کابھی خیال نہیں رکھا، انہوں نے ایک درجن سے زائدپولیس اوررینجرزاہلکاروں کوزخمی کیا ان کوروکنے کے لیے طاقت کااستعمال نہیں کیا گیا۔وزیر مملکت نے کہا ماضی گواہ ہے ٹی ایل پی نے جتھے کی صورت میں قومی املاک پرحملے کیے ، پرامن احتجاج ہرکسی کاحق ہے لیکن یہ حق شرائط کے ساتھ ہے ،پرسوں رات انہوں نے فائرنگ کی ،اس کی ویڈیو موجود ہے ۔طلال چودھری کا کہنا تھا سیف سٹی کے کیمرے توڑے گئے لوگوں کوبھڑکانے کیلئے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے ،اب بھی کوشش کی جارہی ہے طاقت کااستعمال کیے بغیر ان کوروکاجائے ۔وزیر مملکت کا کہنا تھا اسلام آباد میں سرکاری اور نجی ادارے کام کررہے ہیں، کچھ لوگ ہم نے گرفتار کرلیے ہیں، راستے کھول دئیے گئے ہیں اگر کہیں رکاوٹ رکھی گئی ہے تو وہ شہریوں کو ان شرپسندوں سے بچانے کیلئے ہے ، قانون کی عملداری ہوگی ، احتجاج کرنا ہے قانون کے اندر رہ کر کریں جو بھی نقصانات ہوں مظاہرین کو لیڈ کرنے والے ذمہ دار ہیں۔لاہور میں مذہبی جماعت کے مارچ کے آغازپر ملتان روڈ پر کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا، کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا گیاجس پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی ۔ شہر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کنٹینر لگا کر راستے سیل کردئیے گئے ، اورنج لائن ٹرین اور میٹر و بس سروس معطل ، سٹی ٹرمینل اور دیگر بس اڈے بند کردئیے گئے ،راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو مشکلات کاسامناکرنا پڑ ا۔اس سے قبل شہر کے تمام سکولوں اور یونیورسٹیزمیں وقت سے قبل چھٹی دے دی گئی ۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں دفعہ 144 نافذ ہونے کے باعث ایس ڈی او پیرا کے امتحانات ملتوی کر دئیے گئے ۔پنجاب پبلک سروس کمیشن کے تحت ایس ڈی او پیرا کے امتحانات 11 اور 12 اکتوبر کو لاہور سمیت مختلف شہروں میں شیڈول تھے جن میں تقریباً 80 ہزار امیدواروں نے شرکت کرنا تھی۔امتحانات کے التوا کا فیصلہ چیئرمین پی پی ایس سی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ترجمان سید کاظم مقدس کاظمی کے مطابق امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ادھر ہائر ایجوکیشن کمیشن(ایچ ای سی) کی ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل(ای ٹی سی)نے بھی 11 اور 12 اکتوبر 2025 کو ہونے والے مختلف تحریری امتحانات کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ایچ ای سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ملک کے مختلف شہروں میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر انڈر گریجویٹ سٹڈیز داخلہ ٹیسٹ(یو ایس اے ٹی)، ہائر ایجوکیشن اپٹیٹیوڈ ٹیسٹ(ایچ اے ٹی)اور اے ایم ایل-سی ایف ٹی کے عہدوں کے لیے بھرتی ٹیسٹ ملتوی کیے گئے ہیں۔ ملتوی شدہ امتحانات کے نئے شیڈول سے جلد ہی تمام رجسٹرڈ امیدواروں کو مطلع کیا جائے گا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت موبائل فون سروس مکمل طور پر بند رہی جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔جڑواں شہروں کو ملانے والی تمام اہم شاہراہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔راولپنڈی میں مری روڈ اور اس سے ملحق تمام چھوٹے بڑے راستے مکمل طور پر سیل کر دئیے گئے ۔

شہر کے بیشتر تعلیمی ادارے بھی بند رہے ۔راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس بھی مکمل طور پر معطل رہی۔ سڑکوں کی بندش کے باعث مختلف روٹس پر پبلک ٹرانسپورٹ بھی نہ چل سکی اور جڑواں شہروں سے بین الصوبائی اور بین الاضلاع پر چلنے والی ٹرانسپورٹ اور تجارتی مراکز بھی بند رہے ۔ لاہور تا اسلام آباد موٹر وے اور جی ٹی روڈ کے راستے بھی جزوی طور پر بند رہے ۔مختلف شہروں میں کارکنوں کی گرفتاریاں بھی کی گئیں۔وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چودھری نے فیض آباد کا دورہ کیا اور مختلف علاقوں میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دو ٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کسی جتھے یا گروہ کو اسلام آباد یا کسی بھی شہر پر چڑھائی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ قانون کی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور جو بھی شخص یا گروہ قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کرے گا ریاست اس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔محسن نقوی نے رات گئے تک عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فرائض سر انجام دینے والے اسلام آباد پولیس و فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں سے ملاقات کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔وزیر داخلہ نے جوانوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور ان کے جذبے کو سراہا جبکہ جوانوں سے کھانے پینے کی فراہمی کے بارے میں بھی دریافت کیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر موجود جوانوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے ۔محسن نقوی نے کہا کہ آپ سب پاکستان کے سپاہی ہیں، قانون کی عملداری یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں