پاکستان بین البراعظمی میزائل تیار نہیں کررہا:مسعودخان
مغربی حلقوں کے الزامات ملکی دفاعی حکمتِ عملی کو مسخ کرکے پیش کرنے کی کوشش پاکستان کی دفاعی تحقیق سے امریکہ مخالف عزائم جھلکنے کاتاثربے بنیاد:سابق سفیرکامضمون
اسلام آباد (این این آئی)امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر مسعود خان نے مغربی حلقوں کے ان الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیاہے کہ پاکستان بین البراعظمی میزائل تیار کر رہا ہے جن کی پہنچ امریکہ تک ہوسکتی ہے ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مسعود خان نے گلوبل ساؤتھ ورلڈ میں شائع ہونے والے اپنے مضمون میں کہا ہے کہ یہ تمام دعوے بے بنیاد، سیاسی محرکات پر مبنی اور پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی کو مسخ کرکے پیش کرنے کی منظم کوشش ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ سے کم سے کم قابل اعتبار دفاعی صلاحیت برقراررکھنے کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے ،مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام کا مقصد صرف خطے میں توازن برقرار رکھنا ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کبھی بین البراعظمی میزائل بنانے کا ارادہ نہیں کیا اور یہ واحد ایٹمی ریاست ہے جس کے پاس یہ صلاحیت موجود نہیں ہے ۔انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ پاکستان کی دفاعی تحقیق سے امریکہ مخالف عزائم جھلکتے ہیں اور یاد دلایا کہ پاک امریکہ تعلقات اسٹریٹجک سطح پر قائم رہے ہیں۔