دبئی سے گرفتار طیفی بٹ رحیم یار خان کے قریب مبینہ مقابلے میں ہلاک
امیربالاج قتل کے مرکزی ملزم کو ساتھیوں نے چھڑایا،سی سی ڈی کا تعاقب، دوبارہ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا کانسٹیبل زخمی، کزن گوگی بٹ ودیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے ، گوگی کی پرانی رہائش گاہ پر فائرنگ، ملزم فرار
لاہور،رحیم یارخان(کرائم رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر)پنجاب پولیس کے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی)سے مبینہ مقابلے میں امیر بالاج قتل کیس کا مرکزی ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ ہلاک، کانسٹیبل شدید زخمی ہوگیا۔گزشتہ شب خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کو انٹرپول کے ذریعے دبئی سے کراچی منتقل کرنے کے بعدڈی ایس پی سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن سید حسین حیدر ملزم کو پولیس حراست میں لاہور لارہے تھے کہ رحیم یار خان میں صادق آباد تھانہ کوٹ سبزل کے علاقے سنجرپور بائی پاس داؤد شہیدچوک کے نزدیک کاروں پر سوار نامعلوم ملزموں نے سی سی ڈی پولیس گاڑی کوروک کر فائرنگ کے تبادلہ میں ملزم طیفی بٹ کو پولیس حراست سے چھڑا لیا اور فرار ہوگئے ۔ بعدازاں پولیس تعاقب پر یونیک سٹی موضع واحد بخش مہرکے نزدیک ملزموں اورسی سی ڈی پولیس کے درمیان پھر 20 سے 25 منٹ تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجہ میں پولیس کانسٹیبل مدنی احمد زخمی ہوگیا جبکہ ملزم طیفی بٹ بھی اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر مارا گیا جبکہ حملہ آور بآسانی موقع سے فرار ہوگئے ۔
زخمی ہونیوالے کانسٹیبل مدنی احمدکو فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ جبکہ مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے جانیوالے طیفی بٹ کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے شیخ زاید ہسپتال منتقل کردی گئی جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش سردخانہ منتقل کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق طیفی بٹ کی لاش کو وصول کرنے کیلئے تاحال کوئی بھی سامنے نہیں آیا۔پولیس نے پہلے فرار ہونے اور پھر ہلاکت کے دو الگ الگ مقدمات درج کر لیے ۔پہلا مقدمہ سی سی ڈی اہلکاروں پرحملہ اور طیفی بٹ کے فرار کامقدمہ ڈی ایس پی سی سی ڈی ماڈل ٹاون لاہور سید حسین حیدر کی مدعیت میں تھانہ کوٹ سبزل میں درج کیا گیا جبکہ دوسرا مقدمہ سی سی ڈی پولیس اسٹیشن رحیم یار خان میں سب انسپکٹر جبران کی مدعیت میں 7 سے 8 نامعلوم ملزموں کے خلاف درج کیا گیا ۔دوسری جانب پولیس کی جانب سے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے ضلع بھر میں سرچ آپریشن جاری ہے ، سی سی ڈی پولیس نے طیفی بٹ کے کزن گوگی بٹ کے گھر پر بھی چھاپہ مارا تاہم گوگی بٹ گرفتار نہ ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق گوگی بٹ ساتھیوں سمیت پہلے ہی فرار ہو گیا تھا ۔ گوگی بٹ بھی امیر بالاج قتل کیس میں نامزد ملز م ہے اور وہ عدالت سے عبوری ضمانت پر ہے جبکہ گوگی بٹ کی پرانی رہائش گاہ گوالمنڈی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی ،دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار آئے اور گھر کے قریب کلاشنکوف سے فائر نگ کر کے فرار ہو گئے ،پولیس نے نامعلوم افراد کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے خول قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔واضح رہے کہ مارے جانیوالے طیفی بٹ کے خلاف قتل سمیت درجنوں سنگین مقدمات درج ہیں۔ملزم امیربالاج ٹیپو کے قتل کے بعد دبئی فرار ہوگیاتھا اور عدالت نے فرار ہونے کے بعد اسکو اشتہاری قرار دیا تھا، جسے 3روز قبل انٹرپول کے ذریعے دبئی سے گرفتارکرکے پاکستان لایاگیاتھا۔ امیر بالاج قتل کیس کا ایک ملزم احسن شاہ اس سے قبل پولیس مقابلے میں ہلاک ہو چکا ہے ۔