پاکستان کے لڑاکا طیاروں کی آذربائیجان تک نان سٹاپ پرواز،فضا میں ری فیو لنگ کا مظاہرہ

پاکستان کے لڑاکا طیاروں کی آذربائیجان تک نان سٹاپ پرواز،فضا میں ری فیو لنگ کا مظاہرہ

پاک فضائیہ کے جے ایف 17تھنڈر کادستہ آذربائیجان میں انڈس شیلڈ مشق میں شرکت کریگا، مقصد جنگی مہارتوں کا تبادلہ پاک فضائیہ کی مشق میں شمولیت علاقائی استحکام اور عالمی عسکری تعاون کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے ،آئی ایس پی آر

راولپنڈی (دنیا نیوز)پاک فضائیہ کا ایک دستہ جدید ترین جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری لڑاکا طیاروں اور ماہر فضائی و زمینی عملے کے ساتھ دو طرفہ فضائی مشق انڈس شیلڈ الفا میں شرکت کے لیے آذربائیجان پہنچ گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی لڑاکا طیاروں نے اپنی آپریشنل صلاحیت اور استقامت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان سے آذربائیجان تک بغیر رُکے پرواز مکمل کی، جس کے دوران فضا میں ایندھن کی فراہمی کا پیچیدہ عمل بھی بخوبی انجام دیا گیا۔ یہ فضائی ری فیولنگ آپریشن پاک فضائیہ کے اپنے آئی ایل-78 ٹینکر طیارے کے ذریعے انتہائی مہارت سے مکمل کیا گیا، جس سے پاکستانی فضائیہ کے طیاروں کی طویل فاصلے تک کارروائی کی صلاحیت اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کا بھرپور اظہار ہوا۔مشق انڈس شیلڈ الفا کا مقصد دونوں برادر فضائی افواج کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ، حکمتِ عملی میں ہم آہنگی اور اشتراکی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے ۔ اس مشق میں جدید فضائی جنگی حربوں، مشترکہ منصوبہ بندی اور آپریشنل عمل کو موجودہ ٹیکنالوجی اور بدلتی فضائی قوت کے تناظر میں پرکھا جائے گا۔یہ مشق دونوں ممالک کی افواج کے لیے آپریشنل تجربات کے تبادلے اور ابھرتے ہوئے فضائی دفاعی چیلنجز کے مقابلے میں مشترکہ ردِعمل کی حکمتِ عملیوں کو مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گی۔پاک فضائیہ کی اس مشق میں شمولیت علاقائی استحکام اور عالمی عسکری تعاون کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے ۔ اس کے ساتھ یہ پاک فضائیہ کے اس عزم کا بھی اظہار ہے کہ وہ جدید جنگی تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بناتی رہے گی اور فضائی آپریشنز کے ہر شعبے میں اپنی روایتی برتری برقرار رکھے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں