علیمہ خان کا دھرنا ، کارکنوں کی پولیس سے ہاتھا پائی ، وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرالی گئی
راولپنڈی (خبر نگار )بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کیلئے آنے والی تینوں بہنوں کو گورکھ پور ناکہ پر کچھ دیر روکا گیا ،پھر وہ فیکٹری ناکہ پر آگئیں جہاں کارکن اور قائدین بھی پہنچ گئے۔
تین بجے کے بعد علیمہ خان ڈاکٹر عظمیٰ نے ملاقات کرانے کیلئے احتجاجی دھرنا دیدیا اور اڈیالہ روڈ پر زمین پر بیٹھ گئیں، شام چھ بجے تک وہاں دھرنا جاری رہا، اس دوران پولیس نے مرد کارکنوں کو پکڑ دھکڑ اور ہاتھا پائی کرتے ہوئے وہاں سے ہٹا دیا ،خواتین مستقل بیٹھی رہیں اور نعرے بازی کرتی رہیں ۔ اس دوران شدید بارش کے باوجود خواتین دھرنے پر بیٹھی رہیں۔بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے فیکٹری ناکے پر دھرنے کے دوران مہران گاڑی پر سوار نامعلوم شخص نے وہاں بیٹھے افراد کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور مرد زخمی ہو گئے ۔علیمہ خان سے انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی سے چھٹی بار جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کروا لی گئی۔ ڈی ایس پی سٹی نے پولیس ٹیم کے ہمراہ اڈیالہ جیل کے قریب بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے آئی ہوئی ملزمہ علیمہ خان سے وارنٹ پر تعمیل کراتے ہوئے دستخط لئے ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا اپنی جانیں دیدیں گے لیکن عمران خان کیلئے ہم لڑیں گے ۔