متنازع ٹویٹس پر دو مقدمات میں اعظم سواتی کو بری کرنیکا حکم

متنازع ٹویٹس پر دو مقدمات میں اعظم سواتی کو بری کرنیکا حکم

اسد قیصر، شبلی فراز،عمر ایوب سمیت 8رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد، پشاور (نمائندہ دنیا،اپنے نامہ نگارسے ، مانیٹرنگ ڈیسک ،خبر نگار، )ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ کی عدالت نے متنازع ٹویٹس پردرج دو مقدمات میں سینیٹر اعظم سواتی کو بری کرنے کا حکم سنادیا۔گزشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے محفوظ فیصلہ  سناتے ہوئے اعظم سواتی کو دونوں مقدمات میں بری کرنے کا حکم سنادیا۔اعظم  سواتی کے خلاف ایف آئی اے نے مقدمات درج کر رکھے تھے ۔عدالت نے پاک بھارت جنگ کے دوران متنازع ٹویٹس پر درج مقدمہ میں پی ٹی آئی کے سابق سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کی درخواست ضمانت مسترد کردی جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔احمد جواد کو پیکا قانون کے تحت جی 13 اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ کورٹ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے سابق سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کے خلاف پاک بھارت جنگ کے دوران متنازع ٹویٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے ان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، ایف آئی آر متن کے مطابق پاک بھارت جنگ کے دوران ایسی پوسٹ شیئر کی گئیں جو جھوٹ پر مبنی اور ریاست مخالف تھیں۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد جج افضل مجوکہ نے احمد جواد کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔رہنما تحریک انصاف اسد قیصر کی حفاظتی ضمانت کی درخواست عدم پیروی پر خارج کردی گئی۔پشاورہائی کورٹ کے جسٹس سید ارشد علی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ اسد قیصر اور انکے وکیل عدالت میں پیش نہ ہوسکے ۔ ادھر انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے تھانہ سی ٹی ڈی کے مقدمہ میں طلبی کے باوجود مسلسل عدم پیشی پرسابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، شبلی فراز، عمر ایوب، علی نواز اعوان سمیت 8 پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔گذشتہ روز سماعت کے دوران بھی عدالتی طلبی کے باوجود اسد قیصر، شبلی فراز، عمر ایوب، علی نواز اعوان سمیت 8 ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہوئے ۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنمائوں کو 11 نومبر تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں