27ویں آئینی ترمیم پر حکومت و اپوزیشن کے سیاسی رابطے تیز
حکومتی اتحاد حمایت حاصل کرنے کیلئے سرگرم ،اپوزیشن کے ترمیم پر تحفظات برقرار ترمیم سینیٹ کے باضابطہ ایجنڈے میں شامل نہیں ،ضمنی طور پر پیش کیے جانیکا امکان
اسلام آباد (سید قیصر شاہ) سینیٹ میں آج پیش کی جانے والی 27ویں آئینی ترمیم کے سلسلے میں سیاسی رابطے اور مشاورت عروج پر پہنچ گئی۔ حکومتی اتحاد پارلیمنٹ میں موجود جماعتوں کے سربراہان سے رابطے کر کے ترمیم کی حمایت کے لیے انہیں اعتماد میں لےرہا ہے تاکہ منظوری کثرتِ رائے سے یقینی بنائی جا سکے ۔دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے بھی ترمیم سے متعلق اپنے تحفظات پر مشاورت تیز کر دی ہے ۔ اپوزیشن اور حکومت دونوں نے اپنے ارکان کو اجلاس میں بروقت شرکت کی ہدایت کر دی ہے ۔ آج جمعہ کو ایوانِ بالا کا اجلاس ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ہے ۔ ترمیم کا معاملہ باضابطہ ایجنڈے میں شامل نہیں تاہم اسے ضمنی ایجنڈے کے طور پر پیش کیے جانے کا امکان ہے ۔