چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامدرضاگرفتار،جیل منتقل

چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامدرضاگرفتار،جیل منتقل

پولیس نے اسلام آباد بائی پاس کے قریب گرفتار کیا،عدالت پیش کر دیا گیا گرفتارنہیں ہوئے ،خود سرنڈر کیا :بیرسٹر گوہر، ہائیکورٹ جائینگے :حسن رضا

فیصل آباد (سٹی رپورٹر،دنیانیوز)انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے حکم پر نو مئی کے مقدمہ میں سزا یافتہ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا گیا، جہاں سے انہیں جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ۔  پولیس نے اسلام آباد بائی پاس کے قریب کارروائی کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا کو گرفتار کیا اور بعد ازاں انہیں تھانہ سول لائن فیصل آباد منتقل کیا گیا۔ پولیس نے حامد رضا کو انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے انہیں جیل بھیجنے کا حکم دیا۔واضح رہے کہ نو مئی کے کیس میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے صاحبزادہ حامد رضا کو 10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔حامدرضاکے بھائی اور قائم مقام چیئرمین سنی اتحاد کونسل حسن رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم قانون پسند شہری ہیں اور خود کو قانون کے سامنے سرنڈر کیا ،سزا پر نظرِ ثانی اورضمنی انتخابات رکوانے کیلئے عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا ۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرنے اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حامد رضاکی گرفتاری نہیں ہوئی،انہوں نے خود کو سرنڈر کیا ، یہ ان کی اپنی مرضی اور فیصلہ ہے ۔ان کا کہناتھاکہ سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں مل سکی، ملاقات ہوگی، تیمارداری بھی ہوگی تو اچھی خبریں آئیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں