ہری پور فیکٹری میں ہر سال 6 لاکھ کروم بکس تیار ہونگے ، شزا فاطمہ
گوگل کی پاکستان میں رجسٹریشن مکمل ہوچکی ،جلد ہی اپنا دفتر کھولنے جا رہا ہے آئی ٹی کمپنیوں کی پاکستان آمد ملکی معیشت کیلئے بڑی کامیابی ہے ،پریس کانفرنس
اسلام آباد(نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ دنیا کی بڑی آئی ٹی کمپنیاں پاکستان آرہی ہیں جو ملکی معیشت، روزگار اور تکنیکی خودکفالت کے لیے بڑی کامیابی ہے ۔ گوگل کی پاکستان میں رجسٹریشن مکمل ہوچکی ہے اور جلد ہی اپنا دفتر کھولنے جا رہا ہے ۔ ملک میں گوگل کروم بکس کی تیاری کا آغاز ہو چکا ہے ، ہری پور میں قائم فیکٹری میں ہر سال پانچ سے چھ لاکھ کروم بکس تیار ہوں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے بتایا کہ یہ منصوبہ وزارت دفاع اور ٹیک ویلی کمپنی کی شراکت سے شروع ہوا جس سے تعلیم کے شعبے کے لیے سستی اور معیاری ڈیوائسز دستیاب ہوں گی جبکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ ہری پور کی فیکٹری میں چھ سو نوجوان، جن میں انجینئرز اور بڑی تعداد میں خواتین شامل ہیں، کام کر رہے ہیں۔ شزا فاطمہ نے کہا کہ گوگل کے ساتھ معاہدے کے تحت نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تربیت دی جائے گی اور پاکستان میں گوگل لیبز قائم ہوں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میٹا نے اردو زبان میں لامہ پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے جبکہ ٹک ٹاک کی اسٹمپفیڈ بھی پاکستان میں لانچ ہوچکی ہے جس سے تعلیم کے فروغ میں مدد ملے گی۔