وزیراعظم کا ہاکی کے ہر کھلاڑی کیلئے 15 لاکھ انعام کا اعلان

وزیراعظم کا ہاکی کے ہر کھلاڑی کیلئے 15 لاکھ انعام کا اعلان

اقدام ٹیم کی محنت اور کھیل کیلئے لگن کا اعتراف بلکہ پاکستان میں ہاکی کے فروغ کیلئے بڑا اقدام ،قومی ٹیم کی وطن واپسی، پرتپاک استقبال ہم سب نے ملکر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنی ہے تاکہ یہ ہیروز مزید بہتر انداز میں ملک و قوم کا نام اونچا کریں، صدر پی ایچ ایف

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ورلڈ کپ کوالیفائر میں شرکت کرنے والی قومی ہاکی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے 15 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے ، یہ اقدام نہ صرف ٹیم کی محنت اور کھیل کے لیے لگن کا اعتراف ہے بلکہ پاکستان میں ہاکی کے فروغ کیلئے بڑا اقدام ہے ۔ ورلڈ کپ کوالیفائر میں قومی ہاکی ٹیم کی شرکت نے ہاکی کے شائقین میں جوش اور ولولہ پیدا کیا ہے اور یہ انعام ان کی ثابت قدمی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ قومی ٹیم ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی،جہاں اسلام آباد ایئرپورٹ پر گرین شرٹس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

کھلاڑیوں کی آمد پر انہیں ہار پہنائے گئے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ شائقین نے ٹیم کے حق میں نعرے بھی لگائے ۔قومی ٹیم نے سیمی فائنل میں جاپان کو شکست دے کر ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی سے قومی ٹیم ہیڈ کوچ اولمپین خواجہ جنید کی قیادت میں ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پی ایچ ایف صدر نے ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ آٹھ سال بعد قومی ٹیم کا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنا پاکستان ہاکی کے مستقبل کیلئے نیک شگون ہے ۔ صدر پی ایچ ایف نے مزید کہا کہ ہم سب نے ملکر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنی ہے تاکہ یہ ہیروز پاکستان کیلئے مزید بہتر انداز میں پرفارم کرکے ملک و قوم کا نام اونچا کریں۔پی ایچ ایف صدر نے ایف آئی ایچ پرولیگ اور ورلڈ کپ کیلئے بھرپور تیاریوں کیلئے بھی ہدایات دیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنے ہیروز کی معاونت جاری رکھتے ہوئے بھرپور انداز میں سرپرستی کرے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں