پروفیسر ڈاکٹر عارفہ سیدہ کا انتقال نماز جنازہ، تدفین آج ہوگی

 پروفیسر ڈاکٹر عارفہ سیدہ کا انتقال  نماز جنازہ، تدفین آج ہوگی

لاہور(آئی این پی، مانیٹرنگ ڈیسک)ممتاز ماہر تعلیم، دانشور، محقق، سماجی رہنما اور خواتین کے حقوق کی علمبردار پروفیسر ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ 83برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئیں۔

 ان کا شمار پاکستان کی ان ممتاز علمی و فکری شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے تعلیم، اخلاقیات اور سماجی اصلاح کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ کے انتقال کی خبرمعروف اداکار عدیل ہاشمی نے اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر شیئر کی ۔مصنفہ کی بھانجی امینہ کمال نے تصدیق کی کہ ڈاکٹر عارفہ 83برس کی عمر میں لاہور میں وفات پا گئی ہیں۔امینہ کمال نے کہا کہ انہیں آج منگل کے روز ان کے خاندانی قبرستان کیولری گراؤنڈ لاہور میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ 1942 میں پیدا ہونے والی ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن اور پنجاب کی نگران صوبائی کابینہ میں وزیر کے طور پر بھی شامل رہیں۔اردو زبان، تاریخ اور تعلیم ان کے بنیادی میدان رہے ۔ وہ مختلف قومی و بین الاقوامی سیمینارز میں شریک ہوئیں اور متعدد تحقیقی مضامین بھی لکھے ، مختلف سماجی موضوعات پر ان کے لیکچرز سوشل میڈیا پر وائرل رہتے تھے ۔ان کے انتقال پر صدر آصف زرداری نے گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ کی وفات پاکستان کے علمی و ادبی حلقوں کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں