27 ویں ترمیم: وقت آنے پر سب کو حساب دینا ہوگا : اپوزیشن اتحاد
عدالتوں کو داغدار کیا گیا ، خاموش نہیں بیٹھیں گے ،ناصر عباس،اب کوئی اغوا ہو گا تو پٹیشن دائر نہیں ہوگی ، سلمان اکرم جو انکے خلاف فیصلہ دے گا اس جج کی ٹرانسفر ہوگی، لطیف کھوسہ ، جج صاحبان کو بھی سامنے آنا چاہیے ،مصطفی نواز
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )اپوزیشن اتحاد کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ27آئینی ترمیم میں پاکستان کی عدالتوں کو داغدار کیا گیا ، اب ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے ،27آئینی ترمیم میں ووٹ دینے والوں نے اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے ،نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں مجلس وحدت المسلمین(ایم ڈبلیو ایم)کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ،سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ ،سینئرسیاستدان مصطفی نواز کھوکھر ودیگر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ ناصر عباس نے کہا آئین میں ہے کہ حاکمیت اعلیٰ صرف اللہ تعالیٰ کی ہے ،آئینی ترمیم سے انسانوں کو خدا بنایا گیا ہے ۔پاکستان کا صدر ملک کے ساتھ جو بھی کرے اس سے کوئی بھی پوچھنے والا نہیں۔
پاکستان میں کتنے مارشل لاء لگائے گئے ،حکمران عوام کے ساتھ آدھا سچ بولتے ہیں جو پورا جھوٹ ہوتا ہے ،ترمیم سے پاکستان کی تباہی ہو رہی ہے ،پیپلز پارٹی جو جمہوریت کی چیمپئن کہلواتی ہے وہ بھی اس ترمیم میں شامل ہے ،27 آئینی ترمیم کے ذریعے حکومت نے پاکستان کے آئین پر حملہ کیا ہے ،مفاد پرستوں نے ذاتی مفاد کے لیے ترامیم کر کے عوام کو دھوکا دیا، اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ دو سینٹرز نے اپنی پارٹی سے غداری کی ،سینٹرز سے زبردستی ووٹ ڈلوایا گیا،اس 27 آئینی ترمیم سے عدلیہ کی حیثیت کو ختم کر دیا،میں آج ایک مقدمہ کے حوالے سے عدالت پیش ہوا تو ججز کے سر جھکے ہوئے تھے ،صدر پاکستان کو تمام مقدمات سے استثنیٰ دے دیا گیا ہے جس پر ہزاروں مقدمات ہیں ۔صدر کی طرح آرمی چیف کو بھی عمر بھر کے لیے استثنیٰ دیا گیا،اب اگر کوئی اغوا ہو گا تو اس کے خلاف بھی پٹیشن دائر نہیں کی جائے گی ،اس آئینی ترمیم کے ذریعے وہ اپنے ججز عدالتوں میں لگائیں گے ،78 سال سے پاکستان میں دو خاندانوں نے قبضہ کیا ہوا ہے ،سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ سینیٹر عرفان صدیقی صبح انتقال کر گئے تھے۔
حکومت نے ان کے لئے دعا کرنے کی بجائے 27 آئینی ترمیم پاس کروائی ،27 آئینی ترمیم پاس کروانے کی اتنی جلدی تھی کہ عرفان صدیقی کے انتقال کو بھی نہیں دیکھا گیا،27 آئینی ترمیم کے ذریعے چیف جسٹس کی حیثیت بھی اب ختم ہو جائے گی،پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں بھی کسی اور کو دے دی گئیں ۔عدلیہ پر قبضہ کر لیا گیا ، ججز کو بھی ٹرانسفر کیا جائے گا، عدالتوں میں اپنے ججز لگائے گئے ،جو ان کے خلاف فیصلہ دے گا اس کی ٹرانسفر کردی جائے گی ، 27ویں آئینی ترمیم میں پاکستان کی عدالتوں کو داغدار کیا گیا، عدالتوں کی بے توقیری ہوگی ،مشرف کو آئین سے کھلواڑ پر آرٹیکل 6 کا سامنا کرنا پڑا اور ستائیسویں ترمیم کے بعد بھی آرٹیکل6 موجود ہے ، وقت آنے پر سب کو حساب دینا ہوگا،مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ پاکستان کی عوام ،سیاسی جماعتیں 27 آئینی ترمیم پر تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں،ان اداروں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ آواز کو سنے ،اس سے ادارے تباہ ہو سکتے ہیں ۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ دیگر جج صاحبان کو بھی سامنے آنا چاہیے ، جج صاحبان کو لیڈر شپ دکھانی چاہیے اور یہ تصور زائل کرنا ہوگا کہ عدلیہ سو رہی ہے ۔