صدرزرداری نے جسٹس منصور علی شاہ اور اطہرمن اللہ کے استعفے منظور کر لیے:آئینی عدالت قائم،چیف جسٹس اور ججوں کا حلف
جسٹس امین الدین کی بطور چیف جسٹس آئینی عدالت حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی،وزیراعظم شہباز شریف ، فیلڈ مارشل، سروسز چیفس، چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی و دیگر ججز کی شرکت جسٹس حسن رضوی ، جسٹس عامر فاروق ،جسٹس علی باقر نجفی نے حلف اٹھالیا، جسٹس کریم آغا،جسٹس روزی خان ، جسٹس ارشد شاہ بھی آئینی عدالت کے جج ہوں گے ،محمد حفیظ رجسٹرارتعینات
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،کورٹ رپورٹر،اپنے نامہ نگار سے ،مانیٹرنگ ڈیسک)ستائیسویں آئینی ترمیم کے تحت وفاقی آئینی عدالت قائم، چیف جسٹس اور 3ججوں نے حلف اٹھالیا جبکہ آئینی ترمیم پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مستعفی ہونے والے سپریم کورٹ کے 2ججز جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کے استعفے صدر آصف علی زرداری نے منظور کرلیے ۔ جسٹس امین الدین خان نے وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس کے طور پر حلف اٹھایا، صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان سے حلف لیا۔ ایوان صدر میں حلف برداری کی پروقار تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزرا اور اراکین پارلیمنٹ شریک ہوئے ۔ تقریب میں چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا ، پاک بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان، چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی ،سپریم کورٹ کے دیگر ججز، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کے علاوہ اعلیٰ سرکاری حکام بھی شریک ہوئے ۔
ذرائع کے مطابق وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان اسلام آباد ہائیکورٹ روم نمبر ایک میں بیٹھیں گے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کورٹ روم نمبر 2 میں منتقل ہو جائیں گے ۔وزارت قانون نے وفاقی آئینی عدالت کیلئے 6 ججز کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ، جس کے مطابق جسٹس حسن اظہر رضوی،جسٹس عامر فاروق،جسٹس علی باقر نجفی،جسٹس کریم خان آغا،جسٹس روزی خان اور جسٹس ارشد حسین شاہ کو آئینی عدالت میں تعینات کیا گیا ہے ۔ وفاقی آئینی عدالت کے چھ ججز میں سے تین ججز کی حلف برداری کی تقریب اسلام آباد ہائی کورٹ کی بلڈنگ میں ہوئی۔ وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس امین الدین خان نے اپنی عدالت کے تین ججز جسٹس حسن اظہر رضوی ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس علی باقر نجفی سے حلف لیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر بھی حلف برداری تقریب میں سٹیج پر موجود تھے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب طاہر، جسٹس خادم سومرو، جسٹس اعظم خان، جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس،اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز، لا افسران، اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر واجد گیلانی اور سیکرٹری منظور ججہ بھی تقریب میں شریک تھے ۔تاہم سپریم کورٹ کے ججز اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے پانچ ججوں جسٹس محسن اختر کیانی ، جسٹس طارق محمود جہانگیری ، جسٹس بابر ستار ، جسٹس سردار اعجاز اسحاق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے آئینی عدالت کے ججز کی حلف برداری تقریب میں شرکت نہ کی ۔ دریں اثنا چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد حفیظ کو رجسٹراروفاقی آئینی عدالت لگا دیاہے ،ذرائع کے مطابق مظہر بھٹی کو سیکرٹری ٹو چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت تعینات کیاگیاہے ۔