وزیر اعظم کی ترکیہ کو توانائی میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت
ترکیہ وزیرتوانائی الپرسلان کی ملاقات، شہبازشریف کا تعلقات پراظہار اطمینان سری لنکن صدرکاوزیراعظم کوفون،انسانی امداد کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ ترکیہ کے توانائی اور قدرتی وسائل کے وزیر الپرسلان بیریکتر نے گزشتہ روزوزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور ترکیہ کے ساتھ بالخصوص توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا،وزیراعظم نے توانائی، پٹرولیم اور معدنیات کے شعبوں میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ترکش پٹرولیم نے پاکستان میں تیل کی تلاش کے حوالے سے آف شوراور آن شور سرگرمیوں میں شمولیت اختیار کی ہے جو توانائی کے شعبے میں دو طرفہ تعاون میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے ترک کمپنیوں کو پاکستان کی توانائی کی مارکیٹ میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت بھی دی۔دونوں رہنمائوں نے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان کان کنی کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں کے تبادلے کا بھی مشاہدہ کیا۔ علاوہ ا زیں وزیراعظم محمد شہباز شریف کو سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے نے ٹیلی فون کیا، وزیر اعظم نے سری لنکا میں سمندری طوفان دتوا سے ہونے والے جانی نقصان اور تباہی پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔سری لنکن صدر نے فراخدلانہ انسانی امداد کی فراہمی پروزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔