سندھ وفاق کیلئے سیلز ٹیکس جمع کرنے کو تیار،صوبوں کو مزید اختیارات دیئے جائیں :بلاول
صحت کے شعبے میں ترقی 18ویں ترمیم کی کامیابی کا ثبوت ، سابق وزیراعظم کہتا تھا وفاق دیوالیہ ہو گیا صوبوں کو مالی وسائل دینا غلطی نہیں بلکہ آئینی حق :چیئرمین پیپلزپارٹی کا کراچی میں خطاب، کل لاہورآمد
اسلام آباد،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی )چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاق سے صوبوں کو مزید اختیارات دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ وفاق کیلئے سیلزٹیکس آن سروس جمع کرنے کیلئے تیار ہے ، وفاق کے اور بھی ٹیکس اکٹھے کر سکتے ہیں،سندھ میں صحت کے شعبے میں ہونے والی ترقی 18ویں آئینی ترمیم کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے ، صوبوں کو مالی وسائل دینا غلطی نہیں بلکہ آئینی حق ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں جناح ہسپتال کراچی کے نئے بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ایف بی آر کے پاس سیلزٹیکس جمع کرنے کا ریکارڈ موجود ہے ، وفاق ٹارگٹ دے اور ہم پورا نہ کر سکیں تو اپنے حصے سے وفاق کو پیسے دے سکتے ہیں، ٹارگٹ سے اوپر پیسے جمع کر لئے تو وہ سندھ کے پاس رہنے چاہئیں اورسندھ کے عوام پر خرچ ہونے چاہئیں ،پچھلا وزیراعظم شہرشہر جا کر کہتا تھا وفاق دیوالیہ ہو گیا۔
کچھ وزرا دوسرے صوبوں سے اختیار اور وسائل لینا چاہتے ہیں ،مالی وسائل صوبوں کو دینا غلطی نہیں تھی اس کی مثال این آئی سی وی ڈی ہے ۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعلیم میں بھی کام ہو رہا ہے ،ہم وفاق کی مشکلات دور کرنا چاہتے ہیں، وفاق صوبوں کو مزید ذمے داریاں دے ، کچھ حکومتی وزرا صوبوں سے وسائل لینا چاہتے ہیں ۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی (کارڈیو ویسکیولر سینٹر)آج عالمی معیار کے علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے ، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبوں کو مالی وسائل کی منتقلی درست فیصلہ تھا، پیپلزپارٹی کی حکومت اس حق کو استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو معیاری اور مفت علاج فراہم کر رہی ہے ، تنقید کرنے والے سندھ کے ہسپتالوں کا دورہ کرکے خود فرق محسوس کریں۔ دریں اثناء چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کل 7 دسمبر کو لاہور پہنچیں گے ۔ذرائع کے مطابق وہ لاہور میں 3روز قیام کے دوران پیپلز پارٹی پنجاب کے 63نئے عہدیداروں کے نوٹیفکیشن جاری کرینگے اور گورنر ہاؤس میں نئے عہدیداروں سے ملاقاتیں بھی کرینگے ۔ ذرائع کے مطابق سوموار سے بدھ تک گورنر ہاؤ س میں عوامی ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔