بانی پی ٹی آئی کے کیسز متنازعہ ،نظیر کے طور پر پیش نہ کیے جائیں:سندھ ہائیکورٹ

بانی  پی  ٹی  آئی  کے  کیسز  متنازعہ ،نظیر  کے  طور  پر پیش  نہ  کیے  جائیں:سندھ  ہائیکورٹ

مقدمہ میں کوئی اور عدالتی نظیرہے توپیش کی جائے :جسٹس تسنیم سلطانہ،سکیورٹی گارڈ کے قتل سے متعلق مقدمہ صوفی اسد ، اظہر ، وارث اور زوہیب کی عبوری ضمانتیں حفاظتی ضمانت میں تبدیل کرنے کی درخواستیں مستردکردیں

کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں ٹھٹھہ میں سیاسی شخصیت کے سکیورٹی گارڈ کے قتل سے متعلق مقدمے کی سماعت  کے دوران عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے کیسز کو عدالتی نظیر کے طور پر قبول کرنے سے انکار کردیا۔ جسٹس تسنیم سلطانہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز متنازعہ ہیں، اس لیے انہیں نظیر کے طور پر پیش نہ کیا جائے ۔ عدالت نے وکیل درخواست گزار سے کہا کہ اگر کوئی اور عدالتی نظیر موجود ہے تو وہ پیش کی جائے ۔ وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت خارج ہونے پر انہیں حفاظتی ضمانت دی تھی۔ وکیل کا کہنا تھا کہ ٹرائل کورٹ نے عدم پیشی پر ضمانت خارج کی تھی جبکہ عمران خان اس وقت دوسری ٹرائل کورٹ میں پیشی پر موجود تھے ۔ جسٹس تسنیم سلطانہ نے استفسار کیا کہ کیا درخواست گزار اس وقت عدالت میں موجود ہے ؟۔ جس پر وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار اس وقت ٹھٹھہ کی ٹرائل کورٹ میں پیشی کے لیے موجود ہے ۔ وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ملزم کی عبوری ضمانت کو حفاظتی ضمانت میں تبدیل کیا جائے ۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد چار ملزموں صوفی اسد علی، اظہر علی، وارث اور سید زوہیب کی عبوری ضمانتیں حفاظتی ضمانت میں تبدیل کرنے کی درخواستیں مسترد کردیں۔ ملزموں کے خلاف تھانہ ٹھٹھہ میں سیاسی شخصیت کے سکیورٹی گارڈ راول ملاح کے قتل کا مقدمہ درج ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں