ترقی کا سفر شروع، اگلا الیکشن بھی جیتیں گے : شہباز شریف ، پنجاب میں کھربوں کے منصوبے، پختونخوا میں کھنڈرات کے آثار : مریم نواز

ترقی کا سفر شروع، اگلا الیکشن بھی جیتیں گے : شہباز شریف ، پنجاب میں کھربوں کے منصوبے، پختونخوا میں کھنڈرات کے آثار : مریم نواز

ملک کو ایٹمی طاقت بنانا نوازشریف کا سب سے بڑا کارنامہ ،مریم نوازترقی کے نئے باب رقم کر رہی ہیں ،ن لیگ کی سیاست عوامی خدمت کی جیتی جاگتی تصویر:وزیراعظم خدمت کا ورثہ لے کر آگے بڑھ رہی، ترقیاتی منصوبوں کے مزید جال بچھائیں گے :وزیراعلیٰ ، شہبا ز شریف کیساتھ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ بس سروس کا سنگ بنیاد رکھ دیا

گوجرانوالہ ،لاہور (نیوزرپورٹر ،اے پی پی)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے ،شاندار کارکردگی پر اگلا الیکشن بھی جیتیں گے ،مریم نوازپنجاب میں ترقی کے نئے باب رقم کر رہی ہیں ،ماس ٹرانزٹ سسٹم سے گوجرانوالہ کے عوام کی تقدیر بدلے گی،ملک ترقی و استحکام کی جانب گامزن ہے، آنے والے دنوں میں مزید خوشخبریاں ملیں گی۔ گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ بس سروس کے سنگ بنیاد کے موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاکہ پنجاب میں عوامی خدمت اور ترقی کا سفر 1985 میں نواز شریف کی قیادت میں شروع ہوا ، مریم نواز اسی ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے آج عوامی خدمت کے اس سفر کو جاری رکھے ہوئے ہیں، جس پر میں انہیں خراج تحسین اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی سیاست عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی ایک جیتی جاگتی تصویر ہے ، نواز شریف کا سب سے بڑا کارنامہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا ہے ،انہوں نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنا کر کراچی سے لے کر پشاور تک ہر درد دل رکھنے والے پاکستانی کے دل میں جگہ بنائی اور ثابت کیا کہ وہ ایک عظیم قائد ہیں ،معرکہ حق میں شاندار کامیابی بھی اس ایٹمی قوت ہونے کے بل بوتے پر ملی، اگر پاکستان 1998 میں ایٹمی دھماکے نہ کرتا تو آج حالات بہت مختلف ہوتے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں آئندہ انتخابات میں تاریخی نتائج آئیں گے ،پورے پاکستان میں ن لیگ کانعرہ بلند ہوگا، آج آپ کے شہر میں جو منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب نے تحفہ میں دیا ہے اس سے پورے ضلع کی تقدیر بدلے گی، اس منصوبے سے شہریوں کو بے پناہ سہولتیں میسر ہوں گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ لاہور کا شمار دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ہوتا تھا مگر سموگ میں آج کمی آئی ہے تو اس پر مریم نواز اور ان کی ٹیم کو شاباش ملنی چاہئے ، یہ تمام کام کوئی چاہے بھی تو اس کو چھپا نہیں سکتا اور مخالف کو بھی ان کاموں کا اقرار کرنا پڑے گا۔

گوجرانوالہ،لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاہے کہ پنجاب میں کھربوں کے منصوبے جاری ہیں ،ایک پیسہ کرپشن نہیں جبکہ خیبر پختونخوا آثار قدیمہ نظر آرہاہے ۔جھوٹ کی عمر بہت چھوٹی ہوتی ہے ، ہری پور نے فیصلہ مسلم لیگ ن کے حق میں سنا دیا، شیر کے حق میں فیصلہ آنے کی وجہ مخالفین کی نا اہلی کی داستان ہے ۔گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف نے جو خدمت کی اس کا احساس ہے ،اسی ورثے کو لے کر آگے بڑھ رہی ہوں ۔ ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی،پاکستان کی معیشت ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل کر مستحکم ہو رہی ہے ،وہ 4سال پنجاب اور ملک میں غدر مچا کر تباہ کرگئے تھے۔

موازنہ نوازشریف، شہبازشریف کے کام کا ہوتا ہے ،میں بھی ا ب اس لائن میں ہوں، مگر چوتھا نام نہیں ملتا،ایٹم بم سے موٹرویز تک، بنیان مرصوص سے محافظ حرمین شرفین تک، اندھیروں سے روشنی تک ہر جگہ مسلم لیگ ن ہی نظر آتی ہے ،12 سال کے پی کے پر ایک ہی پارٹی نے بلا شرکت غیر حکومت کی اور صوبہ اب آثار قدیمہ نظر آتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا کا ایک وزیراعلیٰ صوبائی سرکاری مشینری کے ساتھ وفاق پرحملہ آور ہوتا رہا،موجودہ وزیراعلیٰ ا ڈیالہ جیل کے باہر بیٹھنے کی بجائے عوام کی خدمت پر توجہ دے ،ہمیں اڈیالہ جیل کے باہر بیٹھنے کا نہیں بلکہ عوام کی خدمت کا مینڈیٹ ملا ہے ،وزیراعلیٰ کے پی کے اڈیالہ جیل کی بجائے ہسپتالو ں اور سکولوں کے سا منے جا کر بیٹھیں ۔مریم نواز نے کہاکہ آنے والے دنوں میں پورے پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کے مزید جال بچھائے جائیں گے ،جس سے صوبہ کے عوام کو جدید سہولیات میسر آئیں گی اور ان کا معیار زندگی بلند ہو گا۔اس موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیرا علیٰ مریم نواز نے گوجرانوالہ ما س ٹرانزٹ بس سروس منصوبہ تختی کی نقاب کشائی بھی کی اورسنہری بیلچے سے علامتی طور کھدائی کر کے سنگ بنیاد رکھا،تقریب میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے بارے میں معلوماتی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں