قومی کھیلوں کا رنگا رنگ آغاز : نوجوان ہمارا مستقبل، ملک وقوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرینگے : بلاول

قومی کھیلوں کا رنگا رنگ آغاز : نوجوان ہمارا مستقبل، ملک وقوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرینگے : بلاول

برس بعد میزبانی ملنا اعزاز ،کھلاڑی لطف اندوز ہونگے ،میرے سامنے بیٹھے بچے کل میڈلز جیتیں گے ،چیئرمین پی پی تمام صوبوں کے رنگ کراچی میں جگمگا رہے ،مراد شاہ،ارشد ندیم و دیگر نے مشعل روشن کی،محمد زبیر،ماہ نور فاطمہ نے حلف لیا

کراچی (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)35ویں  نیشنل گیمز کاگزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں رنگا رنگ اور یادگار افتتاحی تقریب میں باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ پیرس اولمپک کے گولڈ میڈلسٹ اولمپین ارشد ندیم نے سابق ہاکی کپتان اولمپین اصلاح الدین اور دیگر کے ہمراہ تالیوں کی گونج میں اولمپک مشعل روشن کی۔اس موقع پر مہمان خصوصی چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری،صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر، صوبائی وزرا، سندھ اسمبلی اور کابینہ ارکان، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیداران، معزز مہمانوں، منتظمین اور ہزاروں شائقین موجود تھے ۔مہمان خصوصی نے گیمز میں شریک دستوں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے مارچ پاسٹ کے بعد سلامی لی،سندھ کے نوجوان ایتھلیٹ محمد زبیر منیر اور ماہ نور فاطمہ نے کھلاڑیوں کی جانب سے حلف لیا۔مہمان خصوصی بلاول بھٹو زرداری نے باضابطہ طور پہ نیشنل گیمز کے آغاز کا اعلان کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ 18 سال کے بعد سندھ کو نیشنل گیمز کی میزبانی ملنا ایک اعزاز ہے ، گیمز میں ملک بھر سے نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے جمع ہوئے ہیں، یہ قومی یکجہتی کا بہترین مظاہرہ ہے ۔پاکستان کے نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، ملک اور قوم کی ترقی میں یہ نوجوان اہم کردار ادا کریں گے ، ہم نیشنل گیمز کے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو بچے میرے سامنے بیٹھے ہیں وہ کل ملک کے لیے میڈلز جیتیں گے ، امید کرتا ہوں کہ سب مل کر نیشنل گیمز کو کامیاب بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں کھیلوں میں بھرپور حصہ لیں۔ امید ہے کہ وہ سندھ کی پرتپاک میزبانی سے لطف اندوز ہوں گے اور کھیلوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کریں گے ۔تقریب میں مختلف نمائشی کھیلوں کے مقابلے پیش کیے گئے جسمانی مہارتوں کا مظاہرہ کیا گیا۔لیزر لائٹ شو کا بھی اہتمام کیا گیا، میوزیکل کنسرٹ میں نامور گلوکار حدیقہ کیانی اور علی عظمت نے اپنے شاندار فن کا مظاہرہ کیا جبکہ آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں