شہباز شریف کی جاتی امرا میں نواز شریف سے ملاقات،سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
صدر ن لیگ نے اہم سیاسی امور پرشہباز شریف کو گائیڈ لائن دی،معاشی اشاریے بہتر ہونے پر وزیراعظم کی تعریف کی راغب نعیمی کی وزیراعظم سے ملاقات ،مشترکہ چیلنجز سرحدوں سے بالاتر ،حل اجتماعی کوششوں سے ممکن:شہبازشریف
لاہور،اسلام آباد(سیاسی نمائندہ ،نامہ نگار) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے سربراہ نوازشریف سے جاتی امرا میں ملاقات کے دوران ملکی وسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی ۔وزیراعظم نے کہاہے بدقسمتی سے علاقائی، سیاسی عوامل کے باعث سارک کے قیام کے مقاصد مکمل طور پر حاصل نہیں ہو سکے ، تاہم میں سارک سیکرٹریٹ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ اس نے تنظیم کے اہداف کے فروغ اور رکن ممالک کے درمیان بامعنی تعاون کے مواقع پیدا کرنے میں تسلسل کے ساتھ بھرپور معاونت فراہم کی ہے ،ہمارا خطہ غربت، موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والی آفات، غذائی و توانائی کے عدم تحفظ اور صحت عامہ جیسے مشترکہ چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے ، یہ چیلنجز سرحدوں سے بالاتر ہیں اور ان کا حل باہمی اعتماد، نیک نیتی اور تعاون کی روح کے ساتھ اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہے ۔ صرف مشترکہ اقدام کے ذریعے ہی ہم اپنے عوام کیلئے ایک مضبوط اور جامع مستقبل تشکیل دے سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق جاتی امرامیں گزشتہ روز شہباز شریف اورنواز شریف کی اہم ملاقات ہوئی جس میں موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نواز شریف نے اہم سیاسی امور کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کو گائیڈ لائن دی۔ صدر ن لیگ نے معاشی اشاریے بہتر ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف بھی موجود تھیں۔
بعدازاں وزیراعظم سے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے ملاقات کی، جس میں ملکی مذہبی و سماجی معاملات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وزیراعظم نے اسلامی نظریاتی کونسل کے کردار اور خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ادارہ مستقبل میں بھی رہنمائی کا موثر کردار ادا کرتا رہے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آج سارک کی چالیسویں سالگرہ (سارک چارٹرڈے )کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں سارک کے تمام رکن ممالک کی حکومتوں اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں،یہ پر مسرت موقع ہمیں جنوبی ایشیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے ہمارے مشترکہ عزم کی بھی یاد دلاتا ہے ،40 برس قبل جب سارک کی بنیاد رکھی گئی تھی تو اس کا مقصد یہ تھا کہ ہمارے ممالک کے درمیان مکالمے کو فروغ دیا جائے ، تعاون کو مضبوط کیا جائے اور تعلقات اتنے مستحکم ہوں جو ہمیں ایک دوسرے کے مزید قریب لائیں۔خطے میں بڑھتے ہوئے علاقائی تعاون کے تناظر میں جنوبی ایشیا میں اقتصادی، ڈیجیٹل اور عوامی روابط کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے ، ہمیں مل کر ایسے روابط کو تقویت دینا ہوگی جو تجارت، سرمایہ کاری، جدت اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان سارک چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کا پرعزم حامی ہے ۔
ہمارا یقین ہے کہ ایسا حقیقی تعاون جو خودمختار برابری، باہمی احترام اور مثبت روابط کی بنیاد پر قائم ہو وہی جنوبی ایشیا کی بے پناہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ہم سب کیلئے بہتر مستقبل کی ضمانت بن سکتا ہے ۔آئیے آج ہم اپنے عزم کی تجدید کریں کہ ہم ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال جنوبی ایشیا کی تشکیل کیلئے مل کر کام کریں گے ، ایسا خطہ جو تعاون، روابط اور اپنی عوام کی اجتماعی فلاح وبہبود کے مشترکہ مقاصد پر قائم ہو۔ شہباز شریف نے ایکس پیغام میں عوام کو سندھ کلچر ڈے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کلچر ڈے ہمیں پاکستان کی ثقافتی ہم آہنگی، جمہوری روایات، فکری قوت اور معاشی ترقی میں صوبے کی بے مثال خدمات کی یاد دلاتا ہے ۔ اجرک، ٹوپی، موسیقی، ادب اور لوک روایات میں جھلکتی سندھ کی لازوال ثقافتی میراث اس کے عوام کی مہمان نوازی، محبت اور اس کی ثقافت کی عظمت و رعنائی کی علامت ہے ۔