حکومت پی ٹی آئی کی ملک مخالف مہم پر نظر رکھے :متحدہ
سیاست میں غیر ملکی مداخلت کے خدشات ، ملک عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا اس وقت قوم کو فوج کیساتھ کھڑے ہونیکی ضرورت،خالد مقبول،مصطفی کمال
کراچی (سٹاف رپورٹر)چیئرمین متحدہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہاہے کہ پاکستان کے سیاسی معاملات میں غیر ملکی مداخلت کے خدشات واضح ہو رہے ہیں، وطن عزیز کسی سیاسی عدم استحکام کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا، حکومت سے مطالبہ ہے ملک کے خلاف چلائی جانے والی پی ٹی آئی کی مہم پر نظر رکھے اور جو لوگ اس میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے ، سیاسی جماعتوں کو دعوت دیتے ہیں اس معاملے پر سر جوڑ کر بیٹھیں، ان کی ذمہ داری ہے ایسے لوگوں کی نشاندہی کریں جو ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ایک سیاسی جماعت اپنے بیانیے پر قائم نہیں رہ سکی، رواں برس ہم ہندوستان کو شکست فاش دے چکے ، ان اس کی پراکسی کو بھی شکست دیں گے ۔سید مصطفی کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، انیس احمد قائم خانی، سید امین الحق و دیگر کے ہمراہ مرکز بہادر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہناتھاکہ پاکستان اس وقت اپنی تاریخ کے اہم ترین دوراہے پر کھڑا ہے ، ملک میں سیاسی بحران کسی نہ کسی شکل میں موجود ہے ۔پاکستان ہمارا ہے ، ہم نے اس کے لئے قربانی دی اور دیتے رہیں گے ، ہم نے اپنے لیڈر کو بھی پاکستان سے بڑا نہیں مانا، اس سے لاتعلق ہوگئے ، اگر پی ٹی آئی والے سمجھتے ہیں ان کا لیڈرملک سے بڑا ہے تو انہیں فیصلہ کرنا ہوگا۔ خالد مقبول نے کہا پی ٹی آئی کے فیصلے سمجھ سے بالاتر ہیں، حکومت کو غور کرنا ہوگا، اس وقت عوام کو افواج پاکستان اور سیاسی قیادت کے ساتھ مل کر کھڑے ہونے کی ضرورت ہے ۔