کرپشن کے عوامی تاثر میں کمی، شفافیت میں اضافہ ہوا، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل

کرپشن کے عوامی تاثر میں کمی، شفافیت میں اضافہ ہوا، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل

66 فیصد پاکستانیوں کو کام کیلئے رشوت دینے کی ضرورت نہیں پڑی، 57فیصد نے قوتِ خرید میں کمی محسوس کی 78 شہری طاقتور اداروں کو بھی قانون کے دائرے میں مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں ، این سی پی ایس رپورٹ جاری

اسلام آباد(دنیا رپورٹ)ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے این سی پی ایس 2025 رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق ملک میں بدعنوانی کے عوامی تاثر میں واضح کمی اور شفافیت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 12 ماہ میں 66 فیصد پاکستانیوں کو کسی سرکاری کام کے لیے رشوت دینے کی ضرورت نہیں پڑی جبکہ 60 فیصد شہریوں کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف معاہدہ اور FATF گرے لسٹ سے نکلنے کے ذریعے معیشت کو مستحکم کیا۔ 78 شہری احتسابی اداروں کے اپنے احتساب کے حق میں ہیں یعنی عوام طاقتور اداروں کو بھی قانون کے دائرے میں مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، سروے کے مطابق 43 فیصد شہریوں نے قوتِ خرید میں بہتری محسوس کی جبکہ 57 فیصد نے کمی دیکھی۔

عوام کی رائے کے مطابق 51 فیصد شرکا چاہتے ہیں کہ ٹیکس چھوٹ والے این جی اوز، ہسپتال، لیبارٹریاں اور تعلیمی ادارے عوام سے فیس نہ وصول کریں اور 53 فیصد چاہتے ہیں کہ یہ ادارے اپنے ڈونرز اور عطیات کی تفصیل عوام کے سامنے ظاہر کریں۔ سروے 22 سے 29 ستمبر 2025 کے دوران ملک بھر سے 4000 افراد پر کیا گیا جس میں 55 فیصد مرد، 43 فیصد خواتین اور 2 فیصد خواجہ سرا شامل تھے اور 59 فیصد شہری اور 41 فیصد دیہی علاقوں سے تعلق رکھتے تھے ۔ رپورٹ میں یہ بات بھی واضح کی گئی کہ پولیس کے بارے میں مثبت عوامی رائے میں 6 فیصد اضافہ ہوا جو ادارہ جاتی اصلاحات اور سروس ڈلیوری میں بہتری کی عکاس ہے اور تعلیم، زمین و جائیداد، لوکل گورنمنٹ اور ٹیکسیشن کے شعبوں میں بھی عوامی تاثر بہتر ہوا۔

بدعنوانی کے خاتمے کے لیے عوامی توقعات میں احتساب کو مضبوط بنانا، صوابدیدی اختیارات محدود کرنا، حقِ معلومات کے قوانین کو مضبوط کرنا اور خدمات کو ڈیجیٹل بنانا شامل ہیں جبکہ 83 فیصد شہری سیاسی جماعتوں کی بزنس فنڈنگ پر پابندی یا سخت ضابطہ چاہتے ہیں، 42 فیصد مؤثر histleblower قوانین کے حامی ہیں، 70 فیصد شہری سرکاری کرپشن رپورٹنگ نظام سے ناواقف ہیں اور 78 فیصد چاہتے ہیں کہ احتسابی ادارے بھی قانون کے دائرے میں مضبوط رہیں۔ این سی پی ایس 2025 رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام میں کرپشن کے تاثر میں کمی، شفافیت میں اضافہ اور معیشت میں بہتری کا احساس موجود ہے ،عوامی تعاون اور ادارہ جاتی اصلاحات بدعنوانی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ 83فیصد شہری کاروباری سرمایہ کے ذریعے سیاست میں آنے والے پیسے کو یا تو مکمل پابندی یا سخت ضابطوں کے تحت دیکھنا چاہتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں