مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس:52شہروں میں جاری منصوبوں کی تکمیل کیلئے30جون کا ہدف مقرر
53ارب کی لاگت سے بوریوالا، خانیوال، لالہ موسیٰ، وہاڑی، اٹک، لیہ اور جڑانوالہ سے پی ڈی پی کاآغازہوگا 3497 کلومیٹر سیوریج، 181 کلومیٹر ڈرینج سسٹم بنے گا، نئے ڈسپوزل سٹیشن بنیں گے :بریفنگ
لاہور(اے پی پی ،دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق خصوصی اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کے پہلے مرحلے کی 52 شہروں کی گلیوں، پارکس، سیوریج اور ڈرینج کی اپ گریڈیشن پر پراگریس رپورٹ پیش کی گئی۔ اس موقع پر پورے پنجاب میں یکساں ترقی کے لئے سیوریج، ڈرینج، پارکس اور سڑکوں کی تعمیر ومرمت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں 52 شہروں میں ترقیاتی کام کی شروعات 19 دسمبر 2025 سے اور اہم منصوبوں کی تکمیل کی تاریخ 30 جون 2026 مقرر کی گئی ہے ۔ اجلاس میں بتایا گیا پنجاب کے 52 شہروں میں ترقی ہوگی،10 گراؤنڈ بریکنگ کے لیے تیار ہیں جبکہ 304 ارب روپے میں 166 ارب کے پراجیکٹ سے شہریوں کی زندگیوں میں واضح بہتری آئے گی۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کے تحت 50 ٹینڈرز فلوٹ کر دئیے گئے ہیں جبکہ 10 کا ٹینڈر عمل مکمل ہو چکا ہے ۔پہلے مرحلے میں پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کی مجموعی لاگت 304 ارب روپے رکھی گئی ہے جبکہ166 ارب روپے کے ترقیاتی کام منظور کیے گئے ۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کے تحت 53.5 ارب روپے کے 10 اہم پروجیکٹس پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے پی ڈی پی کے تحت 52شہروں میں 30 جون کا ہدف مقرر کر دیا ہے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پی ڈی پی کے تحت 3497 کلومیٹر طویل سیوریج، 181 کلومیٹر ڈرینج سسٹم اور 56 نئے ڈسپوزل سٹیشن بنائے جائیں گے ۔پہلے مرحلے میں بورے والا، خانیوال، لالہ موسیٰ، میلسی، سلانوالی، وہاڑی، اٹک، لیہ، علی پور اور جڑانوالہ شامل ہیں۔ 10شہروں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا فوری آغاز کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے زیادہ خراب اور خستہ حال علاقوں میں ترجیحاً تعمیرو مرمت کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے مون سون سے قبل نکاسی آب کے پراجیکٹ کی تکمیل کی ہدایت کی۔ انسانی حقوق کے عالمی دن پراپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے انسانی حقوق کا احترام معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کا سنگ بنیاد ہے ،ہر انسان رنگ، نسل، مذہب، جنس یا حیثیت سے بالاتر انسانی حقوق رکھتا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا حکومت پنجاب انسانی حقوق کی پاسداری کے لئے سرگرم عمل ہے ۔ایسے معاشرے کی تشکیل چاہتے ہیں جہاں ہر شہری کو مساوی مواقع، انصاف اور عزت حاصل ہو۔