چینی کے نرخ کم، ایکس مل ریٹ 155 روپے کلو ریکارڈ
فارورڈ سودے 139روپے میں بک،مزید کمی کا امکان، عبد الرؤف ابراہیم
کراچی(رپورٹ :حمزہ گیلانی)کراچی میں چینی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ،شہر میں چینی کی ایکس مل قیمت 155 روپے فی کلو تک آگئی ہے ۔ چیئرمین گروسرز اینڈ ہول سیلرز عبد الرؤف ابراہیم کے مطابق ملک میں چینی کی کرشنگ شروع ہونے اور مناسب مقدار میں چینی اسٹاک موجود ہونے کے باعث قیمتوں میں مسلسل کمی آ رہی ہے ۔عبد الروف ابراہیم کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں چینی کی فراہمی وافر ہے ۔ گوداموں میں ڈیڑھ لاکھ ٹن درآمد شدہ چینی پڑی ہے جبکہ ملکی پیداوار بھی بہتر رہی ۔ان کے مطابق اگر موجودہ رفتار جاری رہی تو چینی کی ایکس مل قیمت 100روپے فی کلو تک پہنچ سکتی ہے ۔پنجاب میں بھی ملوں نے ایکس مل قیمت کم کرکے 150روپے مقرر کر دی ہے ۔ ہول سیل مارکیٹ ذرائع کے مطابق فارورڈ سودے بھی 139روپے فی کلو میں بک ہوناشروع ہوگئے ہیں جو مستقبل میں مزید کمی کا اشارہ ہے۔