پاک کینیڈا زرعی تعاون ، ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق
کینیڈا کے تجربے سے زرعی پیداوار ، برآمدات میں اضافہ ممکن ،رانا تنویر زرعی پیداوار، فوڈ سیفٹی کے شعبوں میں تکنیکی تعاون کیلئے تیار ہیں ، طارق علی
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے کینیڈا کے ہائی کمشنر برائے پاکستان طارق علی خان نے ملاقات کی جس میں زرعی شعبے میں دوطرفہ تعاون کے فروغ، اہم زرعی اجناس کی منڈیوں تک رسائی میں بہتری اور جاری فائیٹو سینیٹری و تکنیکی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا اور اس حوالے سے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیرِنے کہا پاکستان کینیڈا کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے ۔ کینیڈا سے کینولا کی درآمد پاکستان کی زرعی ضروریات کا اہم حصہ ہے ، اس سلسلے میں بروقت سرٹیفکیشن اور رجسٹریشن کے عمل کو یقینی بنانا ضروری ہے ۔ پاکستان اپنی زرعی برآمدات کو کینیڈین منڈیوں تک وسعت دینا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان کو BSE negligible risk ڈوزیئر کی تکمیل اور ایف ایم ڈی کنٹرول پروگرام کے فروغ میں بھی مدد فراہم کی جائے ،ہائی کمشنرنے کہا کینیڈا زرعی پیداوار اور فوڈ سیفٹی کے متعدد شعبوں میں تکنیکی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے تیار ہے ۔