اقوام متحدہ حقائق جاننے کیلئے مقبوضہ کشمیرمشن بھیجے :حریت کانفرنس
یو این دفتر یادداشت پیش ، قراردادوں پر عملدرآمد ، سیاسی قیدیوں کی رہائی پر زور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی برادری کی خاموشی تشویشناک،غلام محمد صفی دیگر
اسلام آباد،کوٹلی (اے پی پی) کل جماعتی حریت کانفرنس نے اسلام آباد میں اقوام متحدہ دفتر میں ایک یادداشت پیش کی جس میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد، حق خود ارادیت، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور بھار ت میں انسانی حقوق کی خلاف ورز یاں بند کرنے پر زور دیا گیا۔یادداشت میں بھارت کے اُن قوانین پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا جن کے تحت وسیع اختیارات کے باعث کشمیریوں کی گرفتاری، تلاشی اور بلاجواز حراست ممکن ہو جاتی ہے اور سکیورٹی فورسز احتساب سے بچ جاتی ہیں۔ یادداشت کے مطابق یہ قوانین عالمی انسانی حقوق کے معیار سے مطابقت نہیں رکھتے اور ایک ایسا ماحول پیدا کرتے ہیں جس میں خلاف ورزیاں موثر استثنیٰ کے ساتھ کی جاتی ہیں۔ اس میں متنازعہ علاقے میں آبادیاتی تبدیلی کے خدشات پر بھی گہری تشویش ظاہر کی گئی۔اے پی ایچ سی نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتِ حال کے آزادانہ جائزے اور حقائق جاننے کیلئے مشن بھیجے اور بھارت کو عالمی انسانی حقوق کے اداروں اور یو این میکنزم تک بلا روک ٹوک رسائی یقینی بنانے پر آمادہ کرے ۔
یادداشت میں سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے بھارت پر دباؤ بڑھانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ، بعد ازاں اے پی ایچ سی نے یونیورسٹی آف کوٹلی میں ‘‘تنازعۂ کشمیر: انسانی حقوق کا پہلو’’ کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد کیا، جس میں اساتذہ، طلبا اور فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین میں کنو ینر غلام محمد صفی، سیکرٹری جنرل پرویز احمد شاہ اور فیکلٹی ممبران شامل تھے ۔غلام محمد صفی نے خطاب میں کہا کہ کشمیر ایسا مسئلہ ہے جس کی قراردادیں سلامتی کونسل میں موجود ہیں لیکن اقوام متحدہ کی بے عملی کے باعث حل تاخیر کا شکار ہے ، پرویز احمد شاہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور آبادیاتی تبدیلیوں کے ذریعے کشمیریوں کو دیوار سے لگا رہا ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری کی خاموشی کو تشویشناک قرار دیا ،سیمینار میں طلبا نے مختلف سوالات کئے جن کا اے پی ایچ سی وفد نے تفصیلی جواب دیا، شرکا نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا اور آئندہ ریلی میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا ، سیمینار کے اختتام پر شہدائے جموں و کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔