سوار محمد حسین نشان حیدر کا یوم شہادت، عسکری قیادت کا خراج عقیدت
کورکمانڈر منگلا کی یادگار پر سلامی، فیلڈ مارشل کی جانب سے مزارپر پھول چڑھائے شہید کی غیر معمولی جرأت ،فرض شناسی کو ہمیشہ یاد رکھا جا ئیگا :میجر جنرل عاصم چودھری
جاتلی ،دولتالہ (نمائندگان دنیا ) پاکستان کے بہادر سپوت، اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر پانے والے سوار محمد حسین شہید کا 54واں یومِ شہاد ت گزشتہ روز عقیدت و احترام سے منایا گیا، شہید کو وطن کیلئے خدمات پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ چیف آف آرمی سٹاف سروسز چیفس اور مسلح افواج نے سوار محمد حسین شہید کو خصوصی خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شہید کے آبائی علاقے دولتالہ کے قریب ڈھوک پیر بخش میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں کورکمانڈر منگلا میجر جنرل عاصم چودھری نے شہید کی یادگار پر سلامی پیش کی اور مزار پر فیلڈ مارشل کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ میجر جنرل محمد عاصم چودھری نے کہا سوار محمد حسین شہید کی غیر معمولی جرأت ،فرض شناسی اور بہادری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ کثیر تعداد میں عوام نے تقریب میں شریک ہو کر پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ سوار محمد حسین شہید نے 1971 کی جنگ میں دشمن کے 16 ٹینک تباہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ 10 دسمبر 1971 کو دشمن کی مشین گن کی گولی لگنے سے جامِ شہادت نوش کر گئے تھے ۔