محتسب انسداد ہراسیت:خاتون کو والد کی جائیداد سے حصہ دلا دیا
اسلام آباد (نامہ نگار، دنیا نیوز) وفاقی محتسب ہراسیت نے 10 کروڑ روپے کی جائیداد کا تنازع حل کرا دیا اور خاتون کو اُس کا قانونی حصہ دلا دیا۔
شکایت گزار خاتون ہما بتول نے اپنے دو بھائیوں اور والدہ کے خلاف اپنے والد کی سیکٹر آئی ایٹ اسلام آباد میں جائیداد میں اپنا قانونی حصہ لینے کیلئے درخواست دی تھی۔ وفاقی محتسب نے سی ڈی اے سے جائیداد کی الاٹمنٹ قانونی ورثاء کے نام کرائی اور مصالحت کا عمل شروع کیا۔ بنیادی اختلاف جائیداد کی قیمت کے تعین پر تھا۔ فوسپا نے ایک مقامی کمیشن مقرر کیا جس نے مارکیٹ ویلیو 10 کروڑ روپے مقرر کی جس پر تمام فریقوں نے اتفاق کر کے مشترکہ بیان ریکارڈ کرایا اور معاملہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا۔ شکایت گزار کا قانونی حصہ 1 کروڑ 75 لاکھ روپے مکمل ادا کیا گیا، شکایت گزار نے اپنے بھائی عاصم مقبول کے حق میں بیان جمع کرایا اور معاملہ مکمل طے پا گیا۔