دشمن ممالک پاکستان ، افغانستان کو لڑانا چاہتے ہیں:سراج الحق
اسلامی خلافت کے نظام کیلئے دینی جماعتوں کے اتحاد کی ضرورت :سابق امیر وزراء دشمن کے آلہ کار نہ بنیں:خطاب،افغان علماء کے فتویٰ کا خیر مقدم
تیمرگرہ(آن لائن )جماعت اسلامی پاکستان کے سابق مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان امریکہ ودیگر دشمن دوریاں پیدا کرکے دونوں ممالک کو لڑانا چاہتے ہیں، جو دونوں کیلئے تباہ کن ہو گا، حکومت کے وزراء دشمن کے آلہ کار نہ بنیں اور افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ نہ کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز احیاء العلوم بلامبٹ میں ختم بخاری شریف کی عظیم الشان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں 500 فارغ التحصیل مرد و خواتین علماء اور حفاظ کی دستار بندی و چادر پوشی کی گئی ۔سراج الحق نے مزید کہا کہ اسلامی ممالک پر امریکی کنٹرول کی کوششیں ناکام ہوں گی اور مستقبل اسلام کا ہے ، پاکستان میں اسلامی خلافت کے نظام کے نفاذ میں مذہبی جماعتیں رکاوٹ ہیں ، دینی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا اور سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے افغانستان کے ایک ہزار علماء کی جانب سے جاری فتویٰ کا خیرمقدم کیا جس میں کہا گیا کہ افغانستان سے باہر پاکستان میں مسلح کارروائیوں میں ملوث افغانی باغی تصور کئے جائیں گے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔