دُھند کا راج ، موٹر ویز عارضی بند ، کئی علاقوں میں آج بارش
ایم ون پشاور سے رشکئی، ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک بند :موٹروے پولیس
لاہور،پشاور،اسلام آباد(این این آئی،آئی این پی ،مانیٹرنگ ڈیسک )ملک کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر موٹر ویز کو متعدد مقامات سے عارضی طور پر بند کر دیا گیاجبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں فضائی آلودگی شدت اختیار کر گئی۔دوسری طرف محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میں گلگت بلتستان ،بالائی خیبر پختونخوا ،آزاد جموں و کشمیراور بلوچستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مختلف شہروں میں دھند چھائی رہی جس کی وجہ سے حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی جس پر موٹروے پولیس نے موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی، ایم 3 فیض پور سے درخانہ ، موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان، ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 ٹریفک کیلئے عارضی طور پر بند رکھی ۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے کئی شہروں میں 18دسمبر تک بارش اور برفباری کا امکان ہے ۔ این ڈی ایم اے کے مطابق 15 دسمبر تک مغربی ہواؤں کا سلسلہ شمالی و مغربی علاقوں میں اثر انداز ہوگا، دھند کی شدت میں بھی اضافہ متوقع ہے ، میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش، پہاڑی اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے ۔ دوسری طرف فضائی آلودگی کے حوالے سے عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق بہاولپور میں پارٹیکولیٹ میٹر کی تعداد 687، فیصل آباد میں 488، پشاور میں 450، گوجرانوالہ میں 293 اور لاہور میں 191ریکارڈ کی گئی۔