یو سی پی اور یونیورسٹی آف لیسیسٹر میں بین الاقوامی تعلیمی شراکت کا آغاز : ایم او یو پر دستخط

یو سی پی اور یونیورسٹی آف لیسیسٹر میں بین الاقوامی تعلیمی شراکت کا آغاز : ایم او یو پر دستخط

اکنامکس اور ڈیٹا اینالیٹکس، اکاؤنٹنگ اور فنانس میں بیچلر آف سائنس کے طلبہ 2،2سال دونوں یونیورسٹیوں میں مکمل کر سکتے طلبہ کو عالمی سطح پر بامعنی شرکت کیلئے تیار کرناچاہیے :میاں عامر محمود،مشترکہ تعلیم کا مضبوط فریم ورک بنے گا:ڈینیل لیڈلے

لاہور(سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب (یوسی پی )اور یونیورسٹی آف لیسیسٹر (Leicester)، برطانیہ نے گزشتہ روز ایک ایم او یو کے تحت باضابطہ طور پر ایک تاریخی بین الاقوامی تعلیمی شراکت داری کا آغاز کر دیا۔اس ایم او یو کے تحت (2+2 )انڈر گریجویٹ اکیڈمک پاتھ وے متعارف کروایا گیاہے جس سے طلبہ اپنی ڈگری کے پہلے دو سال یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب میں اور بقیہ دو  سال  یونیورسٹی آف لیسیسٹر میں مکمل کر سکتے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت، طلبہ اکنامکس اور ڈیٹا اینالیٹکس، اکاؤنٹنگ اور فنانس میں بیچلر آف سائنس کی ڈگریاں حاصل کرنے کے اہل ہوں گے، جس کی حتمی اہلیت اور منظوری یونیورسٹی سے دے دی گئی ہے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے تعلیمی، ریگولیٹری اور کوالٹی ایشورنس کے معیارات کے مطابق پروگرام کو لاگو کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

اس معاہدے پر لاہور میں یونیورسٹی آف لیسیسٹر کے ایک وفد کے سرکاری دورے کے دوران دستخط کیے گئے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ، میاں عامر محمود، چیئرمین، پنجاب گروپ اور ریکٹر،یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب، نے گلوبلائزڈ دنیا میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کی وسیع تر ذمہ داری پر زور دیا۔ انہوں نے کہا گلوبلائزیشن اب کوئی چوائس نہیں ہے ، یہ ہماری ذمہ داری ہے ۔ یونیورسٹیوں کو نوجوانوں کو نہ صرف مقامی کامیابی کے لیے بلکہ عالمی سطح پر بامعنی شرکت کے لیے تیار کرنا چاہیے اس طرح کی بین الاقوامی شراکت داریوں کے ذریعے ہم اپنے نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ میں موافقت اور باہم مربوط دنیا میں رہنمائی کا اعتماد دے سکتے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر ڈینیل لیڈلے ، پرو وائس چانسلر، ہیڈ آف کالج اور ایگزیکٹو ڈین، یونیورسٹی آف لیسیسٹر، سکول آف بزنس، نے کہا یہ تعاون ہمارے اداروں کے درمیان مشترکہ تعلیم کی فراہمی کے لیے ایک مضبوط فریم ورک قائم کرے گا اورطلبہ کے لیے ایک واضح اور قابل اعتبار مطالعے کا راستہ بناتے ہوئے تدریس، نصاب کی ترقی اور نصاب کے تبادلے میں تعاون کو مضبوط کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں