بینک میں 4کروڑ 61لاکھ کی خورد برد ، ملزم کی ضمانت خارج

 بینک میں 4کروڑ 61لاکھ کی  خورد برد ، ملزم کی ضمانت خارج

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)سپیشل جج سنٹر ل ہمایوں دلاور کی عدالت نے بینک میں 4کروڑ 61 لاکھ روپے کی خورد برد میں ملوث ملزم کی ضمانت خارج کر دی ،جس پر ایف آئی اے نے ملزم طلحہ رسول کو گرفتار کر لیا۔۔۔

جج ہمایوں دلاور نے فیصلے میں کہا کہ ملزم تفتیش میں تعاون نہیں کر رہا اور عبوری ضمانت کا غلط استعمال کیا، لہٰذا ملزم کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔ تفتیش کے مطابق ملزم نے دیگر نامزد ملزموں کے ساتھ مل کر سٹیٹ انجینئرنگ کارپوریشن مینجمنٹ پنشن فنڈ کے اکاؤنٹس سے رقم خورد برد کی، ملزموں نے جعلی دستخطوں کے ذریعے رقم نکلوائی اور اسے ذاتی اور دیگر افراد کے اکاؤنٹس میں منتقل کیا، فارنزک رپورٹ کے مطابق چیکس پر جعلی دستخط ثابت ہو چکے ہیں۔ ایف آئی آر میں خواتین بینک افسروں پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کا بھی الزام لگایا گیا ہے ، جبکہ بینک کی جانب سے تصدیقی کالز کے باوجود مشکوک چیکس کلیئر کیے گئے ، مقدمے میں بینک افسروں اور نجی افراد کی ملی بھگت بھی سامنے آئی ہے ، سپیشل جج سینٹرل کے روبرو درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ مقدمے میں کل 11 افراد کو نامزد کیا گیا ہے ، جن میں جونیئر پنشن ایگزیکٹو طلحہ رسول بھی شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں