ٹریفک اہلکار کو قتل کرنیکی کوشش ،برطانوی نژاد پاکستانی کی ضمانت خارج

 ٹریفک اہلکار کو قتل کرنیکی کوشش ،برطانوی نژاد پاکستانی کی ضمانت خارج

غیر ملکی شہریوں پر پاکستانی قوانین کی پاسداری لازم، ملزم سے اسلحہ برآمد ہوا :پراسیکیوٹر

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے آئی ایٹ مرکز میں ٹریفک پولیس اہلکار کو قتل کرنے کی کوشش اور خوف و ہراس پھیلا نے کے مقدمے میں برطانوی نژاد پاکستانی ملزم عاقب خان کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا موکل برٹش نیشنل ہے اور اسے پاکستانی قوانین سے مکمل آگاہی نہیں تھی، وکیل کے مطابق یہ دہشت گردی کا مقدمہ نہیں بنتا اور پولیس نے حقائق کے برعکس جھوٹ پر مبنی ایف آئی آر درج کی ہے ، پراسیکیوٹر راجہ نوید نے عدالت کو بتایا کہ غیر ملکی شہریوں پر لازم ہے کہ وہ پاکستانی قوانین کی زیادہ پاسداری کریں، پراسیکیو ٹر کے مطابق ملزم سے اسلحہ برآمد ہوا جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اس نے ٹریفک پولیس اہلکار کو جان سے مارنے کی نیت سے کارروائی کی ۔ انہوں نے کہا کہ ملزم نے کمرشل ایریا میں خوف و ہراس پھیلایا ،جس کے ویڈیو شواہد بھی موجود ہیں ، پراسیکیوٹر نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی نظائر کے مطابق عوامی مقامات پر خوف و ہراس پھیلانا دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے ، لہٰذا ملزم ضمانت کا مستحق نہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں