علیمہ خان کی فرد جرم کارروائی چیلنج کرنے کی درخواست خارج

 علیمہ خان کی فرد جرم کارروائی چیلنج کرنے کی درخواست خارج

بانی پی ٹی آئی کی ٹیم ہماری ٹیم ہے ، علیمہ گروپ، بشریٰ گروپ پراپیگنڈا ، علیمہ 4 اکتوبر احتجاج ،ملزم انصر فیاض کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست خارج

راولپنڈی، اسلام آباد ( خبر نگار ، اپنے نامہ نگار سے ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمہ کی سماعت میں فرد جرم کی کارروائی چیلنج کرنے کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے فریقین کا مؤقف سن کر خارج کر دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں 26 نومبر کے احتجاج پر مقدمے کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی، علیمہ خان اپنے وکیل فیصل ملک کے ہمراہ پیش ہوئیں اور مؤقف اپنایا کہ فرد جرم ملزمہ کی موجودگی میں عائد نہیں کی گئی۔پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے آگاہ کیا کہ عدالت نے 15 اکتوبر کو ملزموں پر فرد جرم عائد کی ، دو ماہ تک وکلا صفائی کو فرد جرم کی کارروائی کو چیلنج کرنا یاد نہیں آیا، عدالت نے گزشتہ سماعت پر تاخیر سے عدالت پہنچنے پر تمام عدالتی احکامات واپس لے لئے ۔

علیمہ خان نے پیشی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا آج بانی سے ملاقات کیلئے جائیں گے ، ہماری ملاقات نہیں کرواتے ،بلکہ پانی پھینک دیتے ہیں، کچھ بھی کرلیں، اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ،بانی پی ٹی آئی کی ٹیم ہماری ٹیم ہے ، علیمہ گروپ، بشری گروپ پراپیگنڈا ہے ۔ علیمہ خان نے کہا ہے کہ ہم اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ، جو جو بانی کی رہائی چاہتا ہے وہ ہماری ٹیم کا حصہ ہے ،شیر افضل کو سنجیدہ لینے والوں پر حیرانی ہے ، سوشل میڈیا پر بانی کی جیل کے اندر والی تصویر اصل لگتی ہے لیکن پرانی ۔انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے پی ٹی آئی کے 4 اکتوبر احتجاج سے متعلق کیس میں ملزم انصر فیاض کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔ گزشتہ روز کیس کی سماعت کے دوران وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم ایک حساس ادارے کا ملازم رہ چکا جس تاریخ کا مقدمہ درج کیا گیا ، اس روز ملزم سرکاری ڈیوٹی پر گلگت میں موجود تھا۔ دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست خارج کر دی ۔ انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے پی ٹی آئی رہنما عبدالطیف چترالی کی 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق چار مقدمات میں قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں خارج کر دی ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں